Urdu News and Media Website

پاکستان کی ترقی اور امن کے لئے نفرت انگیز تقاریر کوختم کرنا ہوگا:ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان

لاہور(نیوزنامہ) پاکستان میں پائیدار امن کے لئے ہمیں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے ۔ دنیا کا کوئی بھی مذہب شر پسندی اور دوسرے مذاہب کی بے حر متی اور بے ادبی کی اجازت نہیں دیتا۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب حکومت کے تر جمان ملک احمد خان نے ورلڈ کونسل آف ریلجینز کے زیر اہتمام دو روزہ بین المذاہب ’’مشاورتی ورکشاپ ‘‘ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جو شدت پسندی کا کلنگ لگ گیا ہے اس کو ختم کر نے کے لئے تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو آگے آنا ہو گا ۔پاکستان کی ترقی اور امن کے لئے نفرت انگیز تقاریر کو فی الفور ختم کر نا ہو گا ۔
پاکستان سب کا ہے جبکہ دہشت گردی اور شر پسندی کو روکنے کے لئے ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار کرسچن رہنما فادر ندیم فرانسس نے کیا۔ تقریب کے آخر میں مشترکہ اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مذہبی جنو نیت ، انتہا پسندی ، فر قہ واریت اور باہمی جنگ و جدل اورمذہب کے نام پر قتل و غارت گری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ اس ملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت اور قتل و غارت گر ی کی آگ کو بجھانے کی ہر ممکن کو شش کی جائے گی ۔علماء کرام اور ریاست کے تمام اداروں کی طرف سے جاری کردہ قومی بیانیہ ’’ پیغامِ پاکستان ‘‘ کی مکمل تائید کرتے ہیں اور اس کو ہر سطح پر رائج کر نے کے لیے عملی کو ششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کے حقوق فراہم کرنے اور انہیں جان، مال اور عزت و آبرو کا مکمل تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

تبصرے