Urdu News and Media Website

تو ہین عدالت کیس،وزیر مملکت پر فردِ جرم عائد

اسلام آباد (نیوز نا مہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پر توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے فردِ جرم عائد کردی تاہم طلال چوہدری نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ جمعرات کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے طلال چوہدی کے خلاف توہینِ عدالت ازخود نوٹس کی سماعت کی۔طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضیٰ نے عدالت میں درخواست جمع کروائی جس میں استدعا کی گئی کہ ان کے الفاظ خواجہ سعد رفیق اور نواز شریف جیسے ہی الفاظ ہیں لہٰذا فردِ جرم کو سعد رفیق اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کا فیصلہ آنے تک مؤخر کیا جائے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ماضی میں جس طرح پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاف کیا گیا اسی طرح طلال چوہدری کے ساتھ بھی نرمی دکھاتے ہوئے فاضل عدالت انہیں معاف کردے۔جس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ ہم آپ کو سنیں گے اگر کیس نہ بنا تو چھوڑ دیں گے اور آپ کو حتمی دلائل کا موقع دیا جائے گا۔طلال چوہدری کے وکیل کے دلائل کے بعد عدالت نے ان پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے اس کی نقل فراہم کردی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.