Urdu News and Media Website

پولیس والوں نے نوجوان سے سلنڈر چھین لیا، ماں 2 گھنٹے بعد مرگئی

بھارت میں کرونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے مگر ایسے نازک حالات میں  انسانیت کو شرما
دینے والے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں جس سے حالات کی سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

ایسے ہی ایک واقعے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شمالی بھارتی ریاست
اتر پردیش کے شہر آگرہ میں چند پولیس اہل کار ایک کم عمر نوجوان سے آکسیجن سلنڈر چھین کر لے جارہے ہیں۔
یہ آکسیجن سلنڈر اس نوجوان نے اپنی کرونا وائرس سے انتہائی متاثرہ ماں کے لیے حاصل کیا تھا
لیکن پولیس والوں نے اس سے یہ چھین لیا،جس کے بعد اس کی ماں چل بسی۔
ویڈیو میں نوجوان جو کہ پی پی ای سوٹ (کرونا وائرس سے محفوظ رہنے والا سوٹ) پہنے پولیس والوں کے
سامنے آہ و زاری کرتا رہا کہ یہ اسے لے جانے دیں کیونکہ اسکی قریب المرگ ہے لیکن بے رحم
پولیس والے سلنڈر چھین کر لے جاتے ہیں۔ واقعہ کے دو گھنٹے بعد اس کی ماں چل بسی۔

نوجوان کا کہنا ہے کہ پولیس والوں نے کسی اور وی آئی پی کے لیے ہم سے سلنڈر چھین لیا ۔جب میں نے
پوچھا کہ میرا سلنڈر کیوں چھین رہے ہو تو ان کا کہنا تھا کہ کسی کی جان بچانی ہے
کیا میری ماں کی جان کی کوئی قیمت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

کرونا کے مریض کی اجنبی کے لیے بڑی قربانی

بھارتی میڈیا کے مطابق اے ڈی جی پی راجیو کرشنا نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں
نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ادھر ایس پی بوترے روہان پرامود کا کہنا ہے کہ کسی پولیس والے نے نوجوان سے سلنڈر نہیں چھینا بلکہ
نوجوان پولیس اہلکاروں سے اپیل کر رہا ہے کہ میری ماں کو سلنڈر کی ضرورت ہے وہ اسے دیدیں جبکہ
پولیس اہلکار خالی سلنڈر کو بھروانے لے جا رہے ہیں۔
آگرہ(ویب ڈیسک)

تبصرے