Urdu News and Media Website

بھارت نے کشمیر پر زبردستی غیرقانونی قبضہ کیا:سیاسی رہنما

لاہور(نیوزنامہ)بھارت نے کشمیر پرزبردستی غیرقانونی قبضہ کیا۔ کشمیری عوام پچھلے 73سال سے بھارتی قبضے کے خلاف اور آزادی کے حصول کے لیے آزادی کی تحریک میں مصروف ہیں۔
26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو کشمیری اور پاکستانی یوم سیاہ کے طور پرمناتے ہوئے دنیا پر عیاں کریں گے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے کا علم بردار بھارت کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دینے پر تیار نہیں۔
ان خیالات کا اظہار مخلف سیاسی وسماجی جماعتوں نے کشمیر سنٹرلاہور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس سے انچارج کشمیرسنٹر لاہور سردارساجدمحمود، صدرکشمیر کمیٹی ہائیکورٹ بار منظورحسین گیلانی ایڈووکیٹ، چیئرمین مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہور ڈویژن عبداللطیف چغتائی، صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر لاہور فاروق آزاد، نمائندہ کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود، صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس لاہور سرکل حاجی اقبال قریشی،خطیب جناح باغ علامہ فداء الرحمان حیدری، صدر کشمیرسوشل ویلفیئرایسوسی ایشن راجہ محمدرفیق، جنرل سیکرٹری سردار شاکرحسین، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن یوتھ ونگ جوادلطیف چغتائی، سجادحسین، امن کاظمی اور دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ منانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں احتجاجی جلسے اور جلوس منعقد کریں اور ریلیاں نکالی جائیں تاکہ دنیا کو بھارت کے دوغلے پن کااندازہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔بھارت ایک جھوٹا، عیار اور مکار ملک ہے۔
بھارت نے پلوامہ حملے میں اپنے فوجیوں کو خود ہی مرواکر الزام پاکستان پر عائد کردیا جس کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے اور دنیا بھارت کے مکروفریب سے آگاہ ہوچکی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کی تمام سیاسی وسماجی جماعتیں یوم سیاہ کے موقع پرکشمیر سنٹرلاہور کے زیراہتمام پروگرام میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گی۔
سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ 26جنوری کو کشمیرسنٹرلاہور کے احتجاجی پروگرام میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر بھارتی مظالم اور مکروفریب کو دنیا پر عیاں کریں۔

تبصرے