Urdu News and Media Website

ملین سمائلز فاونڈیشن کے زیر انتظام کراچی میں فری ہربل و یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد

کراچی(نیوزنامہ)ملین سمائلز فاونڈیشن کے زیر اہتمام کراچی میں فری ہربل و یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں دو روز میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس کیمپ میں حجامہ کی سہولت بھی میسرتھی ۔ کیمپ کے اختتام پر رپورٹ کے مطابق کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد جلدی امراض کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اسی طرح مختلف جسمانی دردیں، نزلہ ، زکام ، بخار کے بیشتر مریض بھی اس فری کیمپ سے مستفید ہوئے ۔ شہر میں اس قبل بھی ایسے ہی ایک کیمپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے ،ان کمیپس میں کل ۱۵۰۰ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں سینئر طبیب علاج معالجے کیلئے موجود تھے جنہوں نے نہ صرف مریضوں میں ہربل و یونانی طریقہ علاج کے حوالے سے آگہی دی بلکہ موقع پر ادویات کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا ۔ کیمپ میں سینئر عملے کی معاونت کیلئے نوجوان طبیب بھی ہمہ وقت موجودرہے ، انہوں نے بھی آنے والے مریضوں میں مشرقی طریقہ علاج کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کیمپ میں کئی مریضوں کو حجامہ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ۔
اس موقع پر ملین سمائلز فاونڈیشن کے سی ای او ذیشان افضل نے کہا کہ دور جدید میں مشرقی طریقہ علاج سے بہت سی پیچیدہ بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت کے مسائل موجود ہیں ، تاہم یہ مسائل ہمیں خود ہی حل کرنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔ اگر روایتی ادویات مہنگی ہیں اور لوگوں کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں تو لوگوں کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ یونانی و ہربل طریقہ علاج زیادہ محفوظ اور بہتر ہے اور یہ روایتی طریقہ علاج سے کئی گنا سستا بھی ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ صدیوں سے حجامہ کی روایت موجود تھی ا ور یہ سنت نبوی ؐ بھی ہے تاہم ہم نے آج کے جدید دور میں اس سنت کو بھلا دیا تھا، ملین سمائلز کی جانب سے اس سنت کو زندہ کرنے کی یہ ایک کوشش ہے، جس میں ملین سمائلز کافی حد تک کامیاب رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہربل و یونانی میڈیکل کیمپ کا دائرہ کار انشااللہ پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گااور عنقریب لاہور اور اسلام آباد میں بھی ایسے کیمپس لگائے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.