Urdu News and Media Website

نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام سے سب سے زیادہ فائدہ جنوبی پنجاب کو ہوگا:سردار آصف نکئی

لاہور(نیوزنامہ)وزیر مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی اور وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے فیز ٹو پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے وزراء کو آگاہ کیا کہ بنیادی انفراسٹرکچر سے محروم اضلاع میں بہترین مواصلات و سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے رورل اسیسیبیلیٹی پروگرام کا پہلا فیز مکمل کیا جا چکا ہے اور دوسرے فیز پر کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو میں 13 ہزار بلین کی لاگت سے تین سکیم 2019 20 کی سالانہ اے ڈی پی میں شامل کی گئی تھی تاہم کو وڈ 19 کی وجہ سے ان کو لانچ نہ کیا جا سکا۔ ان کے مطابق اس فلیگ شپ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے فنڈز 2020 21 کی اے ڈی پی میں شامل کیے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور ڈی جی خان اور ملتان میں سکیمز کا آغاز ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے فیز ٹو کو جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی سکیم وہاں کے عوام کے لئے ایک امید کی کرن ہے۔ انہوں نے ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس، اضلاع کی درجہ بندی اور سڑکوں کی لمبائی کے لحاظ سے سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے نشاندہی کے طریقہ کار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے فروغ کے لیے تمام اضلاع کو پاک چائنہ اکنامک کوریڈور اور دیگر معاشی زون سے جوڑنا نہایت ضروری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ فنڈز اسی ضلع کی ترقی کے لیے خرچ ہو جس کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے رورل اسیسیبیلیٹی پروگرام کے فیز ون کے دوران درپیش مسائل بارے تفصیلی رپورٹ بنانے کی تجویز دی تا کہ فیز ٹو پر عملدرآمد کے وقت ان مسائل سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کو برابری کی سطح پر اہمیت دینی چاہیے تاکہ پرانی سڑکوں کی بحالی کو محدود وسائل میں ممکن بنایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.