Urdu News and Media Website

گندم اسکینڈل میں وزیراعلیٰ کا کردار، بڑے انکشافات

گندم اسکینڈل پر ایف آئی اے کی ضمنی رپورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف دھماکہ خیز مواد موجود ہے ، ذرائع کے مطابق انہوں نے سیاسی ترجیحات پر محکمہ خوراک میں تبدیلیوں کا خوداعتراف کیا۔سیکرٹریوں کا کہنا ہے انہوں نے چیف ایگزیکیٹو کے حکم پر محکمے میں بار ہا تبدیلیاں کیں ۔ حتیٰ کہ بزدار کے زبانی احکامات پر افسران کے تبادلے کئے گئے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کے استفسار پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ خوراک میں سیاسی دباؤ پر مخصوص تبدیلیوں کا اعتراف کیا ۔ حتیٰ کہ ایک سیکرٹری خوراک نے ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ دفتر سے زبانی احکامات پر کئی افسروں کا تبادلے ہوئے۔وزیراعلیٰ نے انکوائری ٹیم کو اپنے انٹرویو میں کہا یہ سچ ہے افسران کے تبادلوں اور تعیناتی میں سیاسی شخصیات نے ان سے رابطے کئے۔زیادہ تر تبادلے اور تعیناتیاں متعلقہ سیکرٹریوں کی سفارش پر ہوئیں ،کچھ سیاسی تقرریوں کی بھی گنجائش نکالی گئی ۔لیکن فیصلوں سے قبل اسپیشل برانچ سے بھی رائے لی گئی ۔بزدار حکومت نے اپریل تا نومبر 2019 سات ماہ کے عرصہ میں محکمہ خوراک میں چار سیکرٹریوں کے تبادلے کئے ۔ رپورٹ کے مطابق سوائے نسیم صادق کو چھوڑ کر ان سیکرٹریوں نے محکمے میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز ( ڈی ایف سیز )اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے بڑے پیمانے پرتقرریاں اور تبادلے کئے ۔ ان میں سے ایک سیکرٹری نے گزشتہ سال مارچ میں 35 ڈی ایف سیز کے تبادلے کئے ۔ایک اور سیکرٹری نے تمام 9 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے تبادلے اور 32 ڈی ایف سیز تبدیل کر دیئے ۔ تاہم دونوں سیکرٹریوں شوکت علی اور ظفر نصراللہ کا کہنا ہے کہ 11 دسمبر 2018 سے 7 دسمبر 2019 تک مجاز حکام کی جانب سے تمام تقرریوں اور تبادلوں پرپابندی رہی ،صرف وزیراعلیٰ کی منظوری سے تقرریاں ہوئیں ۔ایک سیکرٹری نے یہ بھی بتایا کہ کچھ ڈی ایف سیز جنہیں سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا تھا۔خراب کارکردگی اور ساکھ کی بنیاد پر انہیں ہٹا دیا گیا ۔ سیکرٹری ظفرنصراللّٰہ نے تبدیلیوں کی انتظامی وجوہات بھی بتائیں ، تاہم ساتھ یہ بھی اعتراف کیا کہ تعیناتی کے لئے سمریز وزیراعلیٰ دفترکے زبانی احکامات پر تیار کی گئیں ۔رپورٹ کے مطابق چاروں سیکرٹریوں کی تعیناتی کے لئے کوئی سمری نہیں پیش کی گئی اور نہ ہی محکمہ خوراک میں سیکرٹریوں کو عجلت میں تبدیل کرنے کی کوئی وجہ بتائی گئی ۔تبادلوں اور تعیناتیوں کے لئے تمام سمریاں مجاز حکام کی ہدایات کے عنوان سے کی گئیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سابق اور موجودہ چیف سیکرٹریز نے اس صورتحال کی تصدیق کی ہے ۔
اسلام آباد (صابر مغل)

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.