Urdu News and Media Website

مسائل حل کر کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد حاصل کر لیا:چوھدری زاہد اقبال

ساہیوال(نیوز نامہ)اوور سیز پاکستانی کمیشن کے ضلعی چیئر مین چوہدری زاہد اقبال نے کہا ہے کہ کمیشن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرکے ان کا اعتماد حاصل کر لیا ہے اور اب پاکستانی بھائیوں کی طرف سے ملک میں سرمایہ کاری کا راہ ہموار ہو گئی ہے -کمیشن نے دن رات محنت کر کے سالوں سے زیر التواءجائیدادوں اور دھوکہ دہی کے مقدمات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جس کے دوررس نتائج بر آمد ہونگے -انہوں نے یہ بات ضلعی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 7شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دو پر فیصلہ کرکے انہیں ریلیف دیا گیا -اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو سید اسد رضا کاظمی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی -چوہدری زاہد اقبال نے محنت مزدوری کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی پر ناجائز قبضوں اور جائیدادوں کے تنازعوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان زر مبادلہ بھیجنے والے ان محب وطن پاکستانیوں کو در پیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کر رہے ہیں اور ایسا نظام وضع کیا جا رہا ہے کہ وہ بلا خوف و خطر ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں -ضلعی چیئر مین اوور سیز کمیشن چوہدری زاہد اقبال نے ساہیوال کمیٹی کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے جس کے لئے متواتر اجلاسوں کے انعقاد کو بھی یقینی بنایا گیاہے –

تبصرے