Urdu News and Media Website

بھارتی ارادے درست نہیں، انٹیلیجنس نے غیر معمولی حرکت محسوس کی ہے:شاہ محمود

اسلام آبد(نیوز نامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی ارادے درست نہیں لگ رہے،ہماری انٹیلیجنس نے غیر معمولی حرکت محسوس کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہماری انٹیلیجنس نے غیر معمولی حرکت محسوس کی ہے جس سے لگتا ہے کہ بھارت کے ارادے درست نہیں ہیں۔ بھارت کے عزائم بھانپتے ہوئے ایک اور خط صدر سلامتی کونسل کو بھیجا ہے جو ساتواں خط ہے، خط میں بھارت کے ناپاک عزائم کے اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کنٹرول لائن پر لگی باڑ کو 5 مقامات سے کاٹا گیا، اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں، کیا کوئی نئی مہم جوئی ہونے جا رہی ہے؟ اس پر ہمیں تشویش ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے، آزاد کشمیر میں خواتین اور بچوں سمیت 300 کے قریب نہتے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت میں جاری احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے ہمیں ہندوستان کی طرف سے نیا ناٹک رچائے جانے کا خدشہ ہے کیونکہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز نے غیر معمولی نقل و حرکت کو محسوس کیا ہے جو اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ ہندوستان کے ارادے درست نہیں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی تو پاکستانی افواج تیار ہیں، ہر جارحیت کا بروقت اور مناسب جواب دیا جائے گا کیونکہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

تبصرے