Urdu News and Media Website

عظیم پاکستانی کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے

‘لاہور(نیوز نامہ)ماضی کے عظیم لیگ اسپنر اور کرکٹ کے حلقوں میں ‘باؤ کے نام سے شہرت رکھنے والے عبدالقادر دنیائے کرکٹ کو افسردہ کر گئے۔جمعے کی شب حرکت قلب بند ہونے سے عبدالقادر اس دنیا سے کوچ کر گئے۔
سابق کرکٹر مدثر نذر تو انتقال کی خبر سن کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ انہوں نے کہا کہ عبد القادر ساتھی کرکٹر ہی نہیں میرا بھائی تھا، مدثر نذر نے کہا کہ قادر بھائی نے لیگ اسپن کا آرٹ متعارف کرایا۔
وزیراعظم عمران کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ان کی اور عبدالقادر کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں دونوں کرکٹ میدان میں کھڑے ہیں۔

The duo: Imran Khan & Abdul Qadir

Posted by Imran Khan (official) on Friday, September 6, 2019

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی عبدالقادر کے انتقال پراظہار افسوس کیا اور کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم اسپورٹس مین اور انسان سے محروم ہوگیا ہے، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔


پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چئیرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عبد القادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔


احسان مانی کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کی اچانک وفات کا سن کر دکھ ہوا، وہ ایک لیجنڈری کرکٹر اور بہترین انسان تھے، ان کی کرکٹ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے عبدالقادر کے انتقال کو کرکٹ کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔


انہوں نے کہا کہ یقین نہیں آ رہا عبدالقادر اب ہم میں نہیں رہے، وہ ایک زبردست لیگ اسپنر اور شاندار انسان تھے، عبدالقادر کے چہرے پر مسکراہٹ کبھی نہیں بھول سکتا، عبدالقادر کی فیملی اور ہمارے لیے آج دکھ کا دن ہے،اللہ تعالیٰ عبدالقادر کی مغفرت فرمائے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھی عبدالقادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔


سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ دو لیجنڈز، عابد علی اور عبدالقادر کے انتقال کا سن کر کافی افسوس ہوا، دعا ہے اللہ دونوں کے خاندانوں کو صبر عطا کرے، دونوں شخصیات نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام اونچا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.