Urdu News and Media Website

بھارت: صحافی غیر محفوظ،2 ماہ میں تیسرا قتل

بھارت(نیوز نامہ) بھارت میں صحافیوں کی زندگی غیر محفوظ ہو گئی۔ پچھلے 2 ماہ کے دوران 3 صحافی قتل کر دیئے گئے۔ آج بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہندی اخبار دینک جگران سے تعلق رکھنے والے صحافی راجیش مشرا کو فائرنگ کر کے قتل کر  دیا گیا۔ راجیش مشرا اترپردیش کے ضلع غازی پور میں اپنے بھائی کی دکان پر بیٹھے تھےکہ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں 38 سالہ راجیش موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہو گیا۔ گزشتہ ماہ بھارتی ریاست تری پور کے دارالخلافہ اگرتلہ میں بھی ایک مظاہرے کے دوران مشتعل افراد نے شنتنا بھومک نامی صحافی کو تشدد کرنے کے بعد قتل کردیا تھا۔اس سے قبل بھارت کی سینیر خاتون صحافی گوری لنکیش کو بھی بنگلورو میں ان کی رہائشگاہ کے باہر گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ بھارت میں 2 ماہ کے دوران صحافیوں کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ بھارت میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق 1990 سے اب تک بھارت میں 30 صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.