Urdu News and Media Website

فضائی آلودگی اور سموگ کی روک تھام کیلئے البیراک کی آگاہی سرگرمی

لاہور(نیوز نامہ)لاہورمیں بڑھتی سموگ اور فضائی آلودگی کی روک تھام اور شہریوں کو گندگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے البیراک ویسٹ مینجمنٹ شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں صفائی آگاہی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ جمعرات کے روز شالامار باغ کے قریب سموگ آگاہی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شہریوں کو سموگ اور اس کے مضر اثرات سے بچائو کیلئے شعور و آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سرگرمی میں باغبانپورہ ہائی سکول کے طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ البیراک ٹیم نے یوسی36 میں آگاہی کیمپ لگا یا جہاں طلباء نے مکینوں اور راہگیروں میں فیس ماسک اور معلوماتی بروشیرز تقسیم کئے۔ اس موقع پر رہائشیوں کو سموگ کے خطرے اور اس کے تدارک کیلئے بہترین عملی اقدامات اور تدابیر کے حوالے سے بریف بھی کیا گیا۔

البیراک اسسٹنٹ منیجرسہیل محمود کا کہنا تھا کہ عوام سموگ سے ممکنہ طور پر بچنے کیلئے فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائے اور گلی محلوںاور کھلے پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے سے گریز کریں تاکہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری تاریخی عمارات اور عوامی جگہوں پربھی گندگی پھیلانے سے اجتناب کریں ۔دریں اثنا، پرنسپل باغبانپورہ ہائی سکول محمد اکرم ساجد اور طلباء نے پودے لگائے اور ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر شہریوں سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت درخت لگائیں اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سرگرمی کے اختتام پر آگاہی واک بھی کی گئی جس میں البیراک افسران، اساتذہ ، طلباء اور سینٹری ورکرز نے حصہ لیا۔ سرگرمی میں البیراک اسسٹنٹ منیجرز سہیل محمود، سلمان اعجازاور شہزاد موجو د تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.