Urdu News and Media Website

پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں پردستخط

بیجنگ(نیوز نامہ) پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ،دونوں ملکوں میں زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں معاونت، پاک چین اعلی تعلیم، وفاقی دارالحکومتوں کی پولیس اور صنعتی اداروں میں تعاون،جنگلات، ارضیاتی سائنس، الیکٹرونکس مواد کے تبادلے، پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لیے یادداشت، پاک،چین وزرائے خارجہ سطح کے تذویراتی مذاکرات کے لیے دستاویز پر دستخط کیے گئے ،پاکستان میں اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق چین پاکستان کی معاونت کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ کے گریٹ ہال میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی، دونوں رہنما ئو ں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم ہا ئو س آمد پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔دونوں رہنما ئو ں کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان اور چین کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں سی پیک، اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت لی کی چیانگ نے کی۔پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسدعمر شامل ہیں جبکہ وفاقی وزرا خسرو بختیار،شیخ رشید ،علی زیدی اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو بھی مذاکرات میں شریک ہوئے ،چین کے وزیرخارجہ وانگ ای اور چینی کابینہ کے وزرا بھی مذاکرات میں موجود تھے۔تقریب کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے15 معاہدوں اوریادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں زراعت ،تکنیکی اوراقتصادی شعبوں میں تعاون ، اسلام آباد اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون ، ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی اور چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدے شامل ہیں۔پاکستان اورچین میں وزارت خارجہ کی سطح پر بھی تذویراتی مذاکرات کے لیے دستخط ہوئے اور جن مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے ، ان میں پاکستان سے غربت خاتمے، جنگلات، ارضیاتی سائنس،الیکٹرانکس مواد کے تبادلے سے متعلق یادداشت شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.