Urdu News and Media Website

وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا

اسلام آباد(نیوز نامہ)وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہو گا ‘اجلاس میں کسی بھی رکن کو بحث کی اجازت دیئے بغیر قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا‘اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے 3بجے شروع ہوگا‘انتخاب اوپن رائے شماری کے ذریعے ہو گا‘ووٹنگ کے دوران ایوان کے تمام دروازے بند کر دیئے جائیں گے‘دروازے بند کرنے سے قبل 5 منٹ کیلئے گھنٹیاں بجائی جائیں گی تا کہ ایوان سے باہر موجود ارکان ایوان میں آسکیں۔ تفصیلات کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کیلئے شیڈول قومی اسمبلی کا اجلاس کل یعنی بروز جمعہ کو ہوگا۔سیکرٹری قومی اسمبلی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمعرات کی دوپہر2بجے تک جمع کرائے گئے اور3بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اوروزارت عظمیٰ کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گئی ۔قومی اسمبلی کے17اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران کسی بھی رکن کو بحث کی اجازت دیئے بغیر قائد ایوان(وزیراعظم)کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کیلئے اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے 3بجے شروع ہوگا، اوپن رائے شماری کی بنیاد پر وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔ڈویژن کے ذریعے ارکان دائیں اور بائیں کی لابیوں میں ووٹ ڈالنے چلے جائیں گے ،ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہونے پر قومی اسمبلی کے ایوان کے تمام دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔یہ دروازے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے تک بند رکھے جائیں گے تاہم دروازے بند کرنے سے قبل 5 منٹ کیلئے گھنٹیاں بجائی جائیں گی تا کہ ایوان سے باہر موجود ارکان ایوان میں آسکیں۔دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، وزیراعظم کیلئے عمران خان کے تجویز کنندہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جبکہ تائید کنندہ فخر امام ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی طرف سے بھی وزارت عظمی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے گئے، ان کے کاغذات نامزدگی پارٹی رہنماؤں خواجہ آصف، احسن اقبال اور ڈاکڑ درشن نے جمع کروائے۔ذرائع کے مطابق 18اگست کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.