Urdu News and Media Website

پولیس پر تشدد،چیف جسٹس کا پی ٹی آئی نومنتخب ایم پی اے کو گرفتار کرنے کا حکم

لاہور(نیوز نامہ ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پی پی161 سے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرنے کا حکم د یدیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ندیم عباس کانام فوری ای سی ایل میں ڈالاجائے،مقدمے میں انسداددہشتگردی دفعات شامل کریں، جنہیں قانون کی عزت نہیں کرنی آتی انہیں نہیں چھوڑیں گے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کا ازخود نوٹس لیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب سید کلیم امام اور دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 50 افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے عدالت کو مزید بتایا کہ اہلکاروں کو تشدد کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 28 ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو 24 گھنٹے میں پی ٹی آئی رہنماندیم عباس کی گرفتاری کاحکم دے دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ندیم عباس کانام فوری ای سی ایل میں ڈالاجائے،مقدمے میں انسداددہشتگردی دفعات شامل کریں، جنہیں قانون کی عزت نہیں کرنی آتی انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

تبصرے