Urdu News and Media Website

کیپٹن صفدر اسلام آباد ائرپورٹ پر گرفتار

 اسلام آباد (نیوز نامہ) نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور قومی اسمبلی کے رکن کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا۔ راول لاﺅنج سے باہر نکلتے ہی نیب ٹیم نے جو پہلے سے وہاں موجود تھی کیپٹن صفدر کو گرفتار کر لیا۔ کیپٹن صفدر اپنی اہلیہ مریم نواز کے ہمراہ رات ایک بجکر 20 منٹ پر لندن سے وطن واپس پہنچے تھے۔ وہ قطر ائرویز کی پرواز QR-632 پر آئیں۔کیپٹن صفدر اور مریم نواز کا ائرپورٹ پر استقبال کرنے والوں میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب، طارق فضل چودھری، دانیال عزیز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگی کارکنوں کی بہت بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے موجود تھی جنہوں نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے حق میں نعرے بازی کی۔ راول لاﺅنج پر متعین اے ایس ایف کے عملہ نے 13 رکنی نیب ٹیم کو راول لاﺅنج میں داخل ہونے سے روک دیا اور کہا کہ اجازت نامہ دکھائیں کیونکہ اس کے بغیر کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں۔ راول لاﺅنج کو نیب ٹیم نے کیپٹن صفدر کی آمد سے قبل ہی گھیرے میں لے لیا تھا اور راول لاﺅنج کے باہر نیب نے خواتین اہلکارروں کو بھی کھڑا کر رکھا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور آصف کرمانی اور کیپٹن صفدر کے درمیان کافی دیر تک بات چیت ہوتی رہی۔ ۔ مریم نواز لاﺅنج سے باہر آئیں اور کارکنوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلائے اور اکیلی گاڑی میں سوار ہو کر روانہ ہو گئیں۔ اس موقع پر موجود مسلم لیگ (ن) کے جذباتی کارکنوں نے کیپٹن صفدر کی گاڑی کے آگے لیٹ کر گاڑی کو روک لیا۔ مریم نواز پنجاب ہاﺅس کی بجائے ائرپورٹ سے سیکٹر ایف سیون میں واقع چودھری منیر کے گھر پہنچیں۔ چودھری منیر مریم نواز کی بیٹی کے سسر ہیں۔ ائرپورٹ کے باہر ڈاکٹر آصف کرمانی نے احتجاج کرنے والے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ نیب کی گاڑی کے آگے سے ہٹ جائیں، قیادت نے احتجاج نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے مریم نواز کو لندن سے فون کر کے گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا اور صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔ کیپٹن صفدر کو میلوڈی میں واقع نیب کے دفتر منتقل کر دیا گیا جہاں سے آج صبح ان کو احتساب عدالت لایا جائے گا۔ مریم نواز نے نواز شریف کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی ائرپورٹ سے گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، تمام تحفظات کے باوجود عدالتوں میں پیش ہونگے۔

تبصرے