Urdu News and Media Website

جنوبی کوریا کے ہسپتال میں آتشزدگی ،41 افراد ہلاک

آگ ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسپتال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

سیئول(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر میریانگ کے سیجونگ ہسپتال میں آتشزدگی سے 41 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں 13 افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ،دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدرمون جے ان نے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت جبکہ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔۔غیر ملکی میڈیا رپوٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے جنوب میں واقع شہرمریانگ میں واقع اسپتال میں آگ لگنے کے باعث 41 افراد جان کی بازی ہار گئے۔آگ ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسپتال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کے بعد فائربریگیڈ عملے نے اسپتال کی عمارت کو گھیرے میں لیکر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں جب کہ امدادی کارکنوں نے مریضوں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو فورا اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ہسپتال اور اس سے متصل نرسنگ ہوم میں تقریبا 200 کے قریب مریض موجود تھے۔واضح رہے کہ یہ دس سال کے دوران جنوبی کوریا میں ہونے والی سب سے خطرناک آتشزدگی ہے جس میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

تبصرے