Urdu News and Media Website

شیخ زاید ہسپتال لاہور میں گردہ کی پتھری اور مثانہ کے غدود کا لیزر سے آپریشن کے حوالے سے ورکشاپ

پروفیسر ڈاکٹر حافظ شہزاد اشرف سربراہ شعبہ یورالوجی کی زیر نگرانی، برطانوی نژاد یورالوجسٹ ڈاکٹر عاصم مسعود چوہدری نے ڈاکٹرز کو عملی تربیت دی

لاہور(نیوزنامہ)شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میںسربراہ شعبہ یورالوجی اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹیشن پروفیسر ڈاکٹر حافظ شہزاد اشرف کی زیر نگرانی گردہ کی پتھری اور پروسٹیٹ غدود کی سرجری کے جدید طریقہ علاج HoLEP (Holmium Laser Enucleation of the Prostate) اور RIRS (Retrograde Intra Renal Surgery) کے حوالے سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا، جس میں یو کے سے آئے ہوئے معروف یورالوجسٹ ڈاکٹر عاصم مسعود چوہدری نے صوبہ پنجاب میں پہلی مرتبہ زیر تربیت ڈاکٹرز کو بغیر چیرہ اور کٹ کے بذریعہ لیزر مثانہ کے غدود اور گردہ کی پتھری کے آپریشنز کی جدید تکنیک کی عملی تربیت فراہم کی ۔ورکشاپ میں سرجنز، ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شہزاد اشرف کا کہنا تھا کہ HoLEP پہلے سے جاری TURP کا جدید ترین نعم البدل ہے جو پروسٹیٹ غدود کو بذریعہ لیزر نکالنے کا جدید طریقہ علاج ہے۔ یہ آپریشن خاص طور پر بڑے غدود یعنی 60 گرام سے زیادہ کیلئے کیا جاتا ہے۔ وہ مریض جو خون پتلا کرنے والی ادویات جیسا کہ کلویپیڈوگرل ، اسپرین، وارفرن نہیں چھوڑ سکتے ان کیلئے یہ واحد طریقہ علاج ہے۔100 گرام سے بڑے غدود کا آپریشن عام طور پر اوپن سرجری سے کیا جاتا ہے، مگر ہولپ کی مدد سے ان کو بھی بغیر چیرے سے کیا جاسکتا ہے، دوران آپریشن خون کا ضیاع انتہائی کم ہوتا ہے، TURP کی نسبتHoLEP آپریشن والا مریض جلدی ڈسچارج ہوجاتا ہے جبکہ خون پتلا کرنے والی ادویات بند کیے بغیر محفوظ سرجری کی جاسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہRIRS ایسا عمل جراحی ہے جس میں گردے کے اندر فائبرآپٹک اینڈوسکوپ کی مدد سے سرجری کی جاتی ہے، اینڈوسکوپ کو یوریتھرا ، مثانہ اور یوریٹر سے گزار کر گردے تک لے جایا جاتا ہے، RIRS کی بدولت گردے کی پتھری اور گردے کے کینسر کی سرجری کی جاتی ہے جبکہ یہ آپریشن عام طور پر جنرل یا سپائنل اینستھیزیا سے کیا جاتا ہے۔ اس تکنیک کی مدد سے آپریشن کروانے والا مریض ESWL, PCNL اور اوپن سرجری کی نسبت جلد صحت یاب ہو کر گھر چلا جاتا ہے۔
اس ضمن میں پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، چئیرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور نے ہسپتال میں اس نئی ٹیکنالوجی کے آغاز کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ زاید ہسپتال کا شعبہ یورالوجی اس وقت پنجاب کا سب سے مصروف شعبہ ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ان ڈور، آوٗٹ ڈور اور آپریشنز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جدید ترین طریقہ علاج سے اب وطن عزیز کے عوام بھر پور فائدہ اٹھا سکیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مثا نہ کے غدود اور گردہ کی پتھری کے مرض میں مبتلا مریض شیخ زاید ہسپتال میں ESWL, PCNL اور TURP کے ساتھ ساتھ HoLEP اور RIRS سے بھی علاج کرواسکیں گے اور انہیں علاج و معالجہ کی غرض سے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا جبکہ ہسپتال میں جدید لتھوٹرپسی مشین کی تنصیب بھی کی جا رہی ہے۔

تبصرے