Urdu News and Media Website

آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے فارمیسی ٹرینی پروگرام نے امریکی سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹمز فارماسسٹ ایکریڈیشن حاصل کر لیا

کراچی(نیوزنامہ) آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے فلیگ شپ فارمیسی ٹرینی پروگرام نے بین الاقوامی فارمیسی پریکٹس ریزیڈنسی پروگرامز (IPPR) کیلئے امریکی سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارماسسٹ (اے ایس ایچ پی ) کی منظوری حاصل کر لی ہے جو امریکہ سے باہر پہلا تعلیمی طبی مرکز بن گیا، تیسرا بین الاقوامی اور پاکستان میں پہلا ہسپتال ہے جس نے تین سالہ باوقار منظوری حاصل کی۔اے ایس ایچ پی ایک پیشہ ورانہ تنظیم ہے جو ہسپتالوں اور دیگر صحت کی دیکھ بھال کی تر بیت کرنے والے فارماسسٹ کی نمائندگی کرتی ہے۔ تنظیم کے تقریبا 75,000 اراکین میں فارماسسٹ، طالب علم اور فارمیسی ٹیکنیشن شامل ہیں۔ اے کے یو ایچ فارمیسی ریذیڈنسی پروگرام ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ٹریننگ سائٹ بن گیا ہے اور مثالی پریکٹیشنرز پیدا کرنے کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر کام کرے گا ۔اس موقع پر عبوری سی ای او اے کے یو ہیلتھ سروسز پاکستان ڈاکٹر فرحت عباس نے فارمیسی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اے ایس ایچ پی کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ مریض ہمارے ہر کام میں سب سے آگے ہیں یہ ایکریڈیشن نہ صرف اے کے یو ایچ کے لیے بلکہ پا کستان کیلئے بھی اعزاز کی بات ہے۔ ڈین میڈیکل کالج اے کے یو ڈاکٹر عادل حیدر نے ٹیم کی محنت کی تعر یف کر تے ہو ئے کہا کہ اے ایس ایچ پی کی منظوری حاصل کرکے اے کے یو نے فارمیسی پریکٹس کو آگے بڑھانے اور مریضوں کی معیاری نگہداشت فراہم کرنے کے لیے اپنی مسلسل وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر آف فارمیسی سروسز پاکستان سید شمیم رضا نے ایکریڈیشن کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بڑ ھانے ، اے کے یو ایچ کے وژن کو پورا کرنے، اپنے فارمیسی کے طریقوں کو مزید ترقی دینے کا ہدف مقرر کیا تھا جو اب ہم نے حاصل کر لیا ہے ۔1990سے اے کے یو ایچ میں ایک سالہ فارمیسی ٹرینی شپ پروگرام پیش کیا جا رہا ہے اب تک 800 سے زائد سابق طلبا پیشہ ورانہ فارمیسی خدمات پیش کر رہے ہیں۔

تبصرے