Urdu News and Media Website

شائقین کا انتظار ختم، این سی اے ڈگری شو 2022 کا آغاز

لاہور(نیوزنامہ) نیشنل کالج آف آرٹس کے بیچلرز ڈگری شو 2022کا آغاز ہو گیا۔ ڈگری شو میں انسٹیٹیوٹ کے تمام شعبوں کے پاس آوٹ طلبا و طالبات کے فن پارے ڈسپلے کئے گئے۔ جسے آرٹ کے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

بیچلرز ڈگری شو 2022کے حوالے سے وائس چانسلر نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا کہنا تھا کہ این سی اے کا بیچلرز ڈگری شو پاکستان کا سب سے منفرد اور تخلیقی آرٹ پر مشتمل ڈگری شو ہوتا ہے۔ جس کا آرٹ کے شائقین سال بھر انتظار کرتے ہیں۔

اس شومیں شعبہ فائن آرٹ، ویژول کمیونیکیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن، سرامکس ڈیزائن، پروڈکٹ ڈیزائن، آرکیٹکچر، فلم اینڈ ٹیلی ویژن اور میوزیکالوجی سے پاس آوٹ ہونے والے طلبا و طالبات کو اپنی بھرپور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔

نیشنل کالج آف آرٹس کا یہ ڈگری شو آرٹ کی دنیا میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔ جسے ہر سال نہ صرف پاکستان بلکہ مختلف ممالک سے ہزاروں افراد کی تعداد دیکھنے کے لئے آتی ہے اور طلبہ و طالبات کے کام کی تعریف کرتی ہے۔

این سی اے بیچلرز ڈگری شو کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس شو میں رکھے گئے فن پارے شو کے دوران ہی آرٹ کے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جاتا ہے۔

اس شو میں طلبہ و طالبات کی سوچ اور تخلیقات زمان و مکان سے آزاد دیکھائی دیتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ہر دیکھنے والی آنکھ اُن کے کام کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتی، جیسا کہ اس ڈگری شو میں آرٹ کے تنقید نگاروں اور اساتذہ نے طلبا کے کام کو بہت سراہا۔ ڈگری شو کی تیاری اور طلبہ کی رہنمائی میں این سی اے کے اساتذہ کی کئی ہفتوں اور مہینوں کی محنت شامل ہوتی ہے۔

تبصرے