Urdu News and Media Website

پاکستانی ٹینس اسٹار ہانیہ منہاس نے اورنج باؤل چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

لاہور(نیوزنامہ) پاکستانی ٹینس اسٹارہانیہ منہاس نے اورنج باؤل ٹینس چیمپئن شپ میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بارپھر پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا ہے اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔یہ کامیابی بارڈ فاؤنڈیشن کے لیے ایک قابل فخرلمحہ ہے۔ ہانیہ منہاس پاکستان کی کم عمر ترین کھلاڑی ہیں جس کی تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو ‘بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد’ فاؤنڈیشن(بارڈ) کی طرف سے تعاون حاصل ہے۔

اورنج باؤل چیمپئن شپ سے پہلے ہانیہ منہاس نے ایڈی ہیر جونیئر چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور 90 ممالک میں سے تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔اس کے علاوہ ہانیہ منہاس نے یو ایس اے میں لٹل مو انٹرنیشنل چیمپئن شپ، فلوریڈا میں یو ایس ٹی اے نیشنل انڈر 14 ٹینس چیمپئن شپ، امریکہ میں ایل 5 انڈر 16 نیشنل ٹینس چیمپئن شپ اورانڈر 14 نیشنل ٹینس میں اپنی شاندار کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اس کامیابی کے بارے میں مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ہانیہ منہاس نے کہاکہ ”میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر نے پر بہت خوش ہوں اور میں اس کامیابیوں کے سلسلے کو مزید بھی جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ ”

اس بارے میں بات کرتے ہوئے بارڈ فاؤنڈیشن کی بانی محترمہ مہرین داؤدنے کہا کہ ”یہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ایک پاکستانی کھلاڑی نے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ہانیہ منہاس کی یہ فتح ملک کے دیگر کھلاڑیوں بالخصوص نوجوان لڑکیوں کیلئے متاثر کن ہے۔“

بارڈ فاؤنڈیشن کی اس کاوش کا مقصد کسی بھی پیشے یا کھیلوں میں باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کی مدد کرنا ہے۔بارڈ فاونڈیشن ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو سپانسر کرتا ہے تاکہ ان کے خوابوں کو پورا کیا جا سکے۔

تبصرے