Urdu News and Media Website

9سال عوام کوبہترین سفری سہولیات فراہم کیں، اب سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہاہے، سابقہ میٹرو بس انتظامیہ

لاہور(نیوزنامہ) معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے سابقہ میٹرو بس آپریٹر پلیٹ فارم ٹورزم کے ڈائریکٹرز اور منیجر کے خلاف دائر کیس بروز بدھ زیرِ سماعت آیا۔ سابقہ میٹرو بس آپریٹر کے نمائندگان بشمول ڈائریکٹرز، منیجر، لیگل ایڈوائزرزاور کمیونیکیشنزٹیم ضلع کچہری میں پیش ہوئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں کمپنی ڈائریکٹرز اور منیجر نے اپنی حاضری مکمل کروائی جبکہ کمپنی کے وکلاء نے کیس کے دفاع میں اپنے دلائل پیش کئے۔ کمپنی وکلاء کی جانب سے موقف پیش کیا گیا کہ شہباز گل کی جانب سے عائد کئے گئے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات نے کمپنی کی ساکھ کو بے حد نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں کمپنی کے اعلیٰ عہدیداران نے مکمل اختیارات اور پاورآف اٹارنی کی موجودگی میں شہباز گل کے خلاف کیس دائر کیا۔تاہم شہباز گل نے ریاستی مشینری استعمال کرتے ہوئے کمپنی نمائندگان کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے پراسیکیوشن کو فرد جرم عائد کرنے پر مزید بحث کرنے کا حکم دے دیا۔

پیشی کے بعد سابقہ میٹرو بس کمپنی انتظامیہ کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ عدالت کی ہر پیشی پر کمپنی ڈائریکٹرز اور منیجر نے بلا تاخیرحاضرہوئے ہیں جبکہ وکلاء نے کمپنی کے دفاع میں اپنے دلائل سامنے رکھے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پراسیکیوشن تاخیری حربے استعمال کرکے کیس کو زیرِ التواء رکھنا چاہتا ہے۔ جھوٹے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 سال عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے بعدکمپنی افسران کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجا رہا ہے۔

تبصرے