Urdu News and Media Website

ویرات کوہلی ، انوشکا کے دوسرے استقبالیہ میں شوبزاور کرکٹ اسٹارز کی شرکت، تقریب کو چار چاند لگادئیے

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے دوسرے استقبالیہ میں شوبزاور کرکٹ اسٹارز نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے۔رواں ماہ 11 دسمبر کو اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی گزشتہ روز دوسرے استقبالیے کی تقریب ممبئی میں سینٹ ریگیس آسٹر بال روم میں سجائی گئی۔جہاں شوبز اور کرکٹ کے نامور ستاروں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، پریانکا چوپڑا، کترینہ کیف، ایشوریا رائے بچن، رنبیر کپور، ریکھا، کنگنا رناوت، مادھوری ڈکشٹ، لارا دتا، اے آر رحمان، ظہیر خان ساگریکا، وریندر سہواگ، سنیل گواسکر، ایم ایس دھونی و دیگر نے شرکت کی۔اپنی شادی کے دوسرے استقبالیہ میں انوشکانے ڈیزائنر سبیا ساچی مکھرجی کا ڈیزائن کردہ خوبصورت سنہرے رنگ کا لباس زیب تن کیا جب کہ ویرات کوہلی رائل بلیو رنگ کے سوٹ میں بہت پرکشش لگ رہے تھے۔استقبالیہ کی تقریب میں اسٹارز کی سیکیورٹی کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ویرات انوشکا کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں شادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ویرات انوشکا کو شادی کے بعد خوش دیکھ کر انہیں بھی بے انتہا خوشی ہورہی ہے۔بچن فیملی سے استقبالیے میں اداکار امیتابھ بچن، ایشوریا رائے بچن، ابھیشیک بچن اور شوئیتا نندا نے شرکت کی۔ امیتابھ بچن نے تصاویر اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ٹوئٹ بھی کیں۔واضح رہے کہ ویرات انوشکا کے پہلے استقبالیہ کی تقریب 21 دسمبر کو دہلی میں منعقد کی گئی تھی جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے شرکت کی تھی اور بطور تحفہ دونوں کو دو پھول پیش کیے تھے۔

تبصرے