Urdu News and Media Website

الخدمت فاؤنڈیشن طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لئے بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ لیاقت بلوچ

لاہور( نیوزنامہ)الخدمت فائونڈیشن لاہور کے تحت الخدمت سکولزسے امتحانات میںبہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کی صدارت الخدمت فائو نڈیشن پاکستان کے صدر محمدعبدالشکور نے کی جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ اورنامور کرکٹر مشتاق احمدمہمانانِ خصوصی تھے۔ دیگر مہمانان میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد،الخدمت لاہور کے صدر عبدالعزیز عابداورفاروق چوہان شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے تاکہ یہ بچے یہ معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں ،اس حوالے سے الخدمت بھرپور کردار ادا کررہی ہے ۔محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، کفالتِ یتامیٰ، صحت عامہ، صاف پانی کی فراہمی، مواخات پروگرام اور دیگر سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ ہر خاص و عام تک سستی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملک بھر میں الخدمت کے تحت چلنے والے 60سکولوں میں 12ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جن کو پلے گروپ سے میٹرک تک تعلیم دی جارہی ہے جبکہصرف لاہور میں ہی 4الخدمت سکولز ہیں جن میں3500 سے زائد طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ارض پاکستان کو علم کا گہوارا بنا کر ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔اس موقع پر بچوں نے قومی نغموں پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے جبکہ اختتام پر طلبہ اور اُن کے اساتذہ کو یادگاری شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں ۔تقریب میں الخدمت سکولزلاہور کے ثریا اشفاق، خورشید،لال اور فضل نور کیمپسزکے طلبہ و طالبات، ان کے اساتذہ و والدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ میزبانی کے فرائض عنبرین صلاح الدین نے سرانجام دیئے۔

تبصرے