Urdu News and Media Website

20دینی وسیاسی جماعتوں کا 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

لاہور (نیوزنامہ )کل مسالک ’’ورلڈ پاسبان ختم نبوت‘‘آفس گلبرگ لاہور میں سالانہ کل جماعتی یکجہتی کشمیر کانفرنس میں ملک کی مقتدر 20بڑی دینی و سیاسی جماعتوں جے یو آئی،جے یو پی،ورلڈ پاسبان ختم نبوت، جماعت اسلامی،جماعت الدعوۃ،مسلم لیگ (علماء ونگ)،جمعیت اہلحدیث،جمعیت اہلسنت، تحریک ملت جعفریہ، تنظیم علماء و مشائخ اہلسنت،خاکسار تحریک،مسلم کانفرنس،اتحاد علماء کونسل،مصطفائی جسٹس موومنٹ،مجلس احرارِ اسلام، پیپلز موومنٹ (بھٹو شہید)جمعیت مشائخ پاکستان، عالمی تحریک دعوت الحق،پی ڈی پی اور تحریک اتحاد بین المسلمین کے راہنمائوں علامہ ممتاز اعوان،مولانا امیر حمزہ،ڈاکٹر فرید احمدپراچہ،علامہ زبیر احمد ظہیر،پیر ولی اللہ شاہ،مولانا یوسف احرار،مولانا محمد شفیع جوش،ڈاکٹر سرفراز احمد اعوان، مفتی احمد علی ثانی، شعیب الرحمن قاسمی، محمد نعیم بادشاہ،علامہ یونس ریحان،عامر رشید ، مولانا حنیف حقانی،میاں اشرف عاصمی ایڈووکیٹ،مفتی عاشق حسین،اسد اللہ فاروق، اصغر عارف چشتی،مولانا منسوب رحیمی اور عامر چشتی نے شرکت کی ۔کانفرنس میں 20دینی و سیاسی جماعتوں نے 5فروری کو ملک گیر یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ۔جس کے تحت کشمیر پر بھارتی غاصبانہ ناجائز قبضے اور مظالم کیخلاف 5فروری کو کراچی تا خیبر ملک بھر میں بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں احتجاجی جلسے ومظاہرے کییے اور جلوس و ریلیاں نکالی جائیںگی اور کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائینگی۔دینی ،سیاسی راہنمائوں نے کہا کہ پوری دنیا آزادی کشمیر کے حق میں آواز بلند کرے اور اقوام متحدہ و سلامتی کونسل کشمیریوں کو انکا حق آزادی دلانے کیلئے کردار ادا کرے ۔مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ِ آزادی سے بھارت کے پائوں مقبوضہ کشمیر سے اکھڑ چکے ہیں دنیا کی کوئی طاقت اب کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتی شہداء و مجاہدین کشمیر کی قربانیوں سے کشمیر جلد آزاد ہوگا اور بھارت سوویت یونین کی طرح ٹکڑے ٹکڑے اور تباہ و برباد ہوگا ۔

تبصرے