پاکستانی باﺅلرز کی ویڈیوز دیکھ یارکر میں مہارت حاصل کی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سٹار باﺅلر جسپریت بمرا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی باﺅلرز کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر فاسٹ بولنگ اور بالخصوص یارکر مارنے میں مہارت حاصل کی ہے۔
انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 2016 کے اوائل میں بھارت کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے جسپریت بمرا کی باﺅلنگ میں دن بدن بہتری آرہی ہے، جبکہ ان کی یارکر کی مہارت بھی قابلِ رشک ہے، یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ انہوں نے اتنا اچھا یارکر مارنا کیسے سیکھا؟ تو اس کا ایک جملے میں جواب یہ ہے کہ پاکستانی باﺅلرز کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر۔
جسپریت بمرا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی کرکٹ ٹیلی ویژن پر میچز دیکھ کر شروع کی، وہ پورا دن اور ہر وقت کرکٹ دیکھتے رہتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ دنیا ئے کرکٹ میں باﺅلنگ کے بادشاہوں (پاکستانی باﺅلرز)کی ویڈیوز بھی دیکھتے تھے جس کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ یہ باﺅلرز سب سے زیادہ وکٹیں یارکر پر حاصل کر تے ہیں۔ ’ میں سوچا کرتا تھا کہ اگر مجھے بھی وکٹس حاصل کرنی ہیں تو یارکر میں مہارت حاصل کرنی ہوگی‘۔
جسپریت بمرا نے کہاجب آپ بچے ہوتے ہیں تو پورا دن کھیل سے دل ہی نہیں بھرتا ، لیکن گھر والے گرمی میں باہر جانے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے میں ایک بڑے ہال میں پورا دن اسی کوشش میں لگا رہتا تھا کہ کسی طرح دیوار کی جڑ میں گیند ماروں، کیونکہ اگر وہاں گیند پڑے گی تو اس سے شور نہیں ہوگا جس کا مطلب ہے کہ آپ چاہیں تو پورا دن بھی کھیل سکتے ہیں، اور اپنی والدہ کی مار سے بھی بچ سکتے ہیں، اس وقت مجھے صرف یہی چیز پتا تھی اس لیے میں نے یہی کام کیا جس نے مجھے ماہر بنادیا۔