Urdu News and Media Website

مستحق ہندوخاندانوں میں تحائف کی تقسیم کا مقصد اُنہیں دیوالی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے: سید احسان اللہ وقاص

لاہور( نیوزنامہ)الخدمت فائونڈیشن نے اخوت کے تعاون سے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر250مستحق ہندو خاندانوں میں کپڑے ، 400 لحاف اور تحائف تقسیم کے ساتھ ساتھ 6 مندروں میں واٹر چلرز اور ڈسپنسرز کی تقسیم کا کام بھی مکمل کر لیا۔دیوالی کے موقع پر الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے سندھ بھرمیں تحائف تقسیم کی خصوصی تقریبات اور ظہرانے و عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سینئرنائب صدر سید احسان اللہ وقاص ، الخدمت اقلیتی امور کے منیجر ڈاکٹر شنکر لال اورالخدمت کے مقامی ذمہ داران سمیت ہندوبرادری کے معززین نے بڑی تعدا میں شر کت کی۔ہندو خاندانوں میں دیوالی کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن کے سینئرنائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور الخدمت فائونڈیشن اِسی ضرورت کے تحت اخوت کے تعاون سے ہر سال دیوالی کے موقع پر مستحق اور نادار ہندئو خاندانوں میں تحائف کی تقسیم کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے ہندو محب وطن ہیںاور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سید احسان اللہ وقاص نے بین المذاہب یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی اور روا داری کو فروغ دینا ہو گا تاکہ معاشرے میں امن قائم ہو سکے ۔اس موقع پرڈاکٹر شنکر لال سمیت دیگر اقلیتی رہنماؤں کی جانب سے الخدمت فائونڈیشن اور اخوت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر خصوصی تقریبات کے انعقاد سے ہمیں تحفظ کا احساس ہوا ہے اور ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔جس کے لئے ہم الخدمت فائونڈیشن اور اخوت کے شکر گزار ہیں۔

تبصرے