Urdu News and Media Website

گنے کی خرید و فروخت میں کسانوں کا نقصان ہرگز برداشت نہیں کریں گے:بلال یٰسین

جھنگ(نیوزنامہ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں شوگر ملزمالکان کاشتکارو ں کو گنے کے سرکاری طور مقررہ نرخ 180 روپے فی من کے حساب سے ادائیگیوں کی رسید جاری کریں بصورت دیگرکسانوں کو استحصال سے بچانے کیلئے ذمہ داران سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ یہ ہدایات صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے شوگر ملوں کے افسران اور کاشتکاروں کے نمائندگان کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیاقت علی ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان ، اسسٹنٹ کمشنر زاور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کریشنگ سیزن کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات کے بار ے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر بلال یٰسین نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر جھنگ آئے ہیں تاکہ گنے کی خرید و فروخت کے سلسلے میں کاشتکاروںکو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیںتاہم کاشتکاروں اور کسانوں کا نقصان ہرگز برداشت نہیںکریں گے۔انہوںنے کہا کہ مڈل مین کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران انسپکشن ٹیموں کو مزید متحرک کر دیا گیاہے لہٰذا مڈل مین کے کردار کے خاتمہ ، کم وزن اور ادائیگیوں میں سست روی کی شکایات پر سختی سے ایکشن لیا جائیگاجبکہ کسانوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ ،سستی اور لا پرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کریگی لہٰذا کاشتکاروں سے وزن میں ناجائز کٹوتی نہ کی جائے ۔ بعدازاں شوگر ملز کے افسران نے یقین دہانی کروائی کہ وہ گنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کی سہولت کیلئے بھر پور تعاون اور حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔قبل ازیں صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے بھون شوگر ملز میں گنے کی سپلائی کے مراحل کی مانیٹرنگ کے دوران کسانوں اور کاشتکاروں سے ان کو درپیش مسائل بارے تفیصلاً معلومات حاصل کیں اور انکے فوری حل کے لئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔

تبصرے