Urdu News and Media Website

گنگا رام ہسپتال کے ملازمین کو ریگولر نہ کرنے پر پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کا احتجاج کا فیصلہ

لاہور (نیوزنامہ) پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کا گنگا رام ہسپتال میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی صدر محمد ارشد بٹ نے کی۔

اجلاس میں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے 173 کے قریب ملازمین کو کنٹریکٹ اور ریگولر نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبات کے لیے احتجاج کا فیصلہ کیا گیا

جس کے لیے پیرامیڈکس کے تمام نمائندگان کا ایک اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں آئندہ احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اجلاس میں چیئرمین گنگا رام ہسپتال یونٹ رانا عرفان نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ ، پنجاب سیکرٹریٹ اور صوبائی محتسب کے فیصلوں کے باوجود مذکورہ ملازمین کو کنٹریکٹ اور ریگولر نہیں کیا جا رہا جو کہ ہسپتال انتظامیہ کی سراسر لاپرواہی اور غفلت کا نتیجہ ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کو بھی مسلسل تین چار بار درخواستیں دے چکے ہیں اس کے باوجود ملازمین کو کنٹریکٹ اور ریگولر کرنے سے متعلق کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

صوبائی صدر پیرامیڈیکس محمد ارشد بٹ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ملازمین کے مسائل اور مطالبات کے حل کے لیے تمام وسائل اور جدوجہد کو بروئے کار لائیں گے اور ملازمین کے حقوق کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی نوکریوں کی بحالی اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے تاکہ ملازمین اپنے فرائض بغیر کسی پریشانی بہتر طریقے سے سر انجام دے سکیں۔

اجلاس میں گنگا رام ہسپتال یونٹ کے عہدیداران فیاض احمد ، سجاد گجر ، غلام رسول ،محمد کلیم اور دیگر عہدیداران و ملازمین نے شرکت کی ۔

تبصرے