Urdu News and Media Website

 کراچی میں بلٹ بائی ہر ہیکاتھون کا انعقاد

کراچی(نیوزنامہ)خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کیلئے یونائیٹڈ بنک لیمٹڈکے زیر اہتمام ایل ایم کے ٹی اورنیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی کے اشتر اک سے بلٹ بائی ہر ہیکاتھون کا انعقاد کیا گیا۔

ہیکاتھون کا مقصد پاکستانی خواتین کی معاشی،کاروباری معاملات میں بااختیار بنانے سمیت تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال بارے توجہ مرکوز کروانی ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اور سی ای او یو بی ایل شہزاد جی دادا نے کہا کہ خواتین کی ترقی ہمیشہ یو بی ایل کی اولین ترجیح رہی ہے ۔ہمیں فخر ہے کہ پاکستانی خواتین کو صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے بلٹ بائی ہر ہیکاتھون کا انعقاد کیا۔

اس قسم کے ایونٹ اقتصادی ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا کیونکہ بینکوں سے محروم زیادہ تر آبادی رسمی بینکنگ سلوشنز کو اپنانا شروع کر دیتی ہے۔

یو بی ایل پاکستانی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہا ہے اور ہمیشہ تنوع، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ د ینے کیلئے کوشاں رہتاہے۔

اس موقع پرسی ای او ایل ایم کے ٹی عاطف رئیس خان نے یو بی ایل کیساتھ شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں صنفی شمولیت کیلئے یو بی ایل جیسے بینکنگ لیڈر کا آن بورڈ ہونا ملک کے مستقبل کیلئے انتہائی حوصلہ افزا علامت ہے۔

ہمارے معاشرے میں خواتین کے کردار کو کم نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں ان کو وہ مواقع فراہم کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے جس کی وہ مستحق ہیں ۔انہوں نے ایونٹ میں شریک تمام شرکا، ججزکی انتھک کوششوں کو سراہا جو خواتین کیلئے اپنی صلاحیتوں کو برو ئے کار لانے، انہیں سیکھانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلٹ بائی ہر ہیکاتھون نے پاکستان کی تخلیقی، متحرک خواتین کی صلاحیتوں میں ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

یو بی ایل اور ایل ایم کے ٹی ٹیکنالوجی کے فروغ ،کاروباری منظرنامے میں خواتین کی شمولیت کیلئے پر عزم ہیں ۔ بلٹ بائی ہر ہیکاتھون میں 13 ٹیموں نے حصہ لیا۔

شرکاء نے بینکنگ اور اسٹارٹ اپ انڈسٹری کے تجربہ کاروں پر مشتمل پینل کے سامنے اپنے آئیڈیاز پیش کئے۔

ٹیم اوول 2.0 نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے 750,000/- رو پے کا سیڈ منی انعام حاصل کیا۔ دوسری پو زیشن گلگت بلتستان کی ٹیم FromHer نے حاصل کرکے 350,000/- روپے کا انعام جیتا۔

پینل میں ہیڈ آف ڈیجیٹل چینلز یو بی ایل عالیہ احمد ، ہیڈ آف انوویشن یو بی ایل زوہیر سیف ، پروجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی عمر عابدین ،پروگرام منیجر این آئی سی ثنا شاہ اورمنیجنگ ڈائریکٹر بائیکیا فیضان لغاری شامل تھے۔

تقریب میں گروپ ایگزیکٹو ڈیجیٹل بینکنگ گروپ یو بی ایل شرجیل شاہد نے بھی شرکت کی۔

تبصرے