Urdu News and Media Website

کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 7 کان کن جاں بحق

کوئٹہ(نیوز نامہ) کان کنی کے شعبے میں ناقص حفاظتی انتظامات کی وجہ سے آئے روز کان کن حادثات کا شکار ہونے لگے۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کو ئلے کی ایک کان کے اندر مٹی کا تودہ گرنے سے سات کان کن جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی لاشیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری۔کو ل انسپکڑ بلوچستان کے مطابق  جمعرات کو دو مزدور کو ئلہ نکالنے کے لیے سیکڑوں فٹ زیرِ زمین چلے گئے تھے جو کان کے اندر مٹی کا ایک تودہ گرنے سے شام تک واپس نہ آسکے۔اُن دو کان کنوں کو نکالنے کے لیے جمعے کو کان میں جانے والے مزید آٹھ کان کنوں پر امدادی کاموں کے آغاز ہی میں مٹی کا دوسرا تودہ آ گرا تھا۔واقعے کے بعد امدادی سر گرمیاں تیز کردی گئی تھیں اور ہفتے تک سات افراد کی لاشیں اور زخمی کان کن کو کان سے نکالا جاچکا ہے۔کان میں پھنسنے والے دیگر کان کنوں کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔مزدور رہنما بخت محمد کا کہنا ہے کہ کو ئلے کی کانوں کے اندرونی حالات کان کنوں کے لیے حالات نہایت ہی خراب ہیں اور اکثر ان خراب حالات کے باعث کانوں کے اندر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ گزشتہ تین سال کے دوران کانوں کے اندر ہونے والے حادثات میں 36 سے زائد مزدور زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

تبصرے