Urdu News and Media Website

کابل میں فوجی اکیڈمی پر حملہ،11 اہلکار ہلاک،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فوجی اکیڈمی پر دہشتگردوں کے حملے میں 11 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 16زخمی ہوگئے ،سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں 4حملہ آور بھی مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا ،شدت پسند تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔پیر کو افغان اور غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں صبح کے وقت فوجی اکیڈمی مارشل فہیم ڈیفنس یونیورسٹی پر دہشتگردوں نے حملہ کردیاجس کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کا کہنا ہے کہ حملہ صبح 5 بجے اس وقت ہوا جب 5 حملہ آوروں نے اکیڈمی پر حملہ کیا۔پہلے ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شرو ع ہوگیا۔حملے میں 11 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 16زخمی ہوگئے۔دولت وزیری کے مطابق 5 میں سے 2 حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ 2 کو سکیورٹی فورسز نے مارا جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے قبضے سے چار کلاشنکوفس، ایک خودکش جیکٹ اور ایک راکٹ لانچر بھی برآمد ہوا ہے۔

تبصرے