Urdu News and Media Website

میٹرو بس چلانے والے ڈرائیور تھرڈ پارٹی کے ملازم، البیراک کے خلاف احتجاج بلاجواز ہے:ترجمان

البیراک پلیٹ فارم ٹورزم نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران لاہور کے باسیوں کوجدید اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹرو بس آپریشنز کوبہترین انداز میں جاری رکھا۔لاہور شہر میں آپریشنز کے آغاز کے بعد میٹرو بس آپریٹر کمپنی کا اپنی سروس کے معیار کو بہترین بنانے کیلئے لیبر فراہم کرنے والی فرمز کے ساتھ معاہدہ طے پایا جس کے مطابق پروکیورمنٹ اور لیبر بھرتی کے معاملات کو سنبھالنا ان فرمز کی ذمہ داری تھی۔ میٹرو بس آپریٹر کمپنی نے بغیر کسی تاخیر اور رکاوٹ کے لیبر فراہم کرنے والی فرموں کے ملازمین کی خدمات کے عوض تمام تر ادائیگیاں مکمل کی ہیں اور اب بھی ادا کر رہی ہے۔
پنجاب حکومت کے ساتھ میٹرو بس کا معاہدہ اختتام پذیر ہونے سے قبل، لیبر فراہم کرنے والی فرموں کے ملازمین نے میٹرو بس آپریٹر کمپنی البیراک پلیٹ فارم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز کر دیاہے۔ میٹرو بس کمپنی سے غیر قانونی طور پر فوائد حاصل کرنے اور کمپنی افسران کو بلیک میل کرنے کی غرض سے ان تھرڈ پارٹی ملازمین نے ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس ضمن میں ترجمان البیراک پلیٹ فارم کا کہنا تھا کہ میٹرو بس چلانے والے ملازمین جو اپنی مرضی سے تھرڈ پارٹی کے کنٹریکٹ کا حصہ بنے تھے اور تمام شرائط و ضوابط پر اپنی رضامندی کا اظہاربھی کیا تھا وہی میٹرو بس سروس کا حکومت کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے پر البیراک پلیٹ فارم کو بلاجوازبلیک میلنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔مزیدبراں، یہ ملازمین تھرڈ پارٹی فرموں سے اپنے جائز معاوضے کی وصولی بھی کر چکے ہیں جس کے پیشِ نظر یہ میٹرو بس کمپنی سے کسی بھی بقایاجات کے حصول کے دعویٰ دار نہیں ہیں۔ تھرڈ پارٹی فرموں کے ساتھ اپنے معاہدے کی شرائط و ضوابط پر غور کرنے کی بجائے یہ ملازمین البیراک پلیٹ فارم ٹورازم کے خلاف غیر قانونی احتجاج کرنے میں مصروف ہیں۔
ترجمان البیراک پلیٹ فارم کا مزید کہنا تھا کہ ” ہم نے معاہدے کے مطابق آٹھ سال تک اپنی سروس کو مکمل کیا اور بعد میں بطور ایکسٹینشن پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی خصوصی درخواست پر بس آپریشنز کو جاری رکھا۔نئی میٹر و بس آپریٹر کمپنی کی جانب سے بسوں کی درآمد تک ہماری بسیں لاہور شہر میں فعال رہیں۔ مختلف وجوہات کی بناء پر نئی میٹرو بسیں مقررہ وقت سے 5 ماہ تاخیر سے پہنچیں۔نتیجتاًبس آپریشنز میں رکاوٹوں اور ڈرائیوروں کی غیر قانونی ہڑتال جیسے مسائل پیدا ہوئے۔ مزید براں،ہم اپنے ملازمین کو تمام جائز حقوق فراہم کر رہے ہیں جو پلیٹ فارم ٹورازم کے ماتحت ہیں۔ تاہم یہ ڈرائیورز ہماری کمپنی کے ساتھ کام نہیں کر رہے ہیں اور یہ تھرڈ پارٹی کے ملازم ہیں۔”

تبصرے