Urdu News and Media Website

مفاد پرست ٹولہ سےہوشیار رہیں

تحریر:عتیق الرحمان خاں۔۔۔

رات کو گھر آفس سے لیٹ پہنچانیند آتے آتے کافی دیر ہوگئی اسی لئے سونے سے پہلے موبائل کو سائلنٹ پر کر دیادیر سے نیند آنے کی وجہ سے صبح آنکھ بھی دیر سے کھلی

آنکھ کھلتے ہی سب سے پہلے نظر موبائل پر پڑی کیونکہ اسکی سکرین کی لائٹ آن تھی اور کوئی کال آ رہی تھی کال اٹینڈ کرنے پر دوسری طرف سے بچہ بولا ہوا کہ انکل ابو کی ڈیتھ ہوگئی ہے ہم کب سے آپ کو کال کر رہے تھے

لیکن کال اٹینڈ نہیں ہو رہی تھی بچے کی آواز سنی مگر کانوں پر یقین نہیں آرہا تھا کیونکہ دلاور سے رات کو ہی بڑی دیر تک ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی تو اس نے کسی معاملے پر مشاورت کیلئےمجھے اپنے پاس آنے کا کہا تھا

میں نے بھی مصروفیت کیوجہ سے ایک دن بعد آنے کا وعدہ کیا جس پر اس نے بھی بغیر کسی ضد کے خوشی سے ہاں کردی رات کو جس سے اس طرح گفتگو ہوئی ہو اور صبح بیدار ہوتے ہی کوئی اس کے اس دنیا سے رخصت ہونے کی خبر دے تو وہ کسی بڑے حادثے کی خبر سے کم نہیں

مگر سوائے إِنَّا لِلّہِ وَإِنَّـا إِلَيْہ رَاجِعونَ کہنے کے اور کوئی چارہ باقی نہیں رہتا ہےخبر سننے کے بعد اس کی زندگی کا پورا نقشہ ذہن کے سامنے گھومنے لگا

چونکہ بچپن سے لیکر آج تک وہ زندگی کے ہر پہلو میں دوستوں کے شانہ بشانہ چلتا رہاذہین ہونے کیساتھ خوش مزاج اور دلیر ہونا اس کی شخصیت کو چار چاند لگاتا تھا

سٹوڈنٹ لائف کے بعد پریکٹیکل لائف میں اللہ تعالی نے اس کی طبیعت کے مطابق اس کو پولیس میں روز گار مہیا کیاطبیعت میں رکھ رکھائو کی وجہ سے اس نے یہ نوکری بھی بڑی دل جمی سے کی

افسران نے بھی اس کی قابلیت کو مدنظر رکھ کر اسکو ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا انچارج بنا دیاڈرائیونگ لائسنس برانچ ایک ایسی سیٹ تھی جس پر ہر کسی کواس کیساتھ تعلقات بنانے پر فخر محسوس ہوتا تھاسیٹ کی گرمی نے اس کی طبیعت اور مزاج میں ذرہ بھر بھی تبدیلی پیدا نہ کی

ہر آنے والے سائل کو جس انداز سے گائیڈ لائن ملتی وہ دعائیں دیتا روانہ ہوتا یہ شرف ہر کسی کے حصے میں نہیں آتا ایسے فلاحی کاموں کیلئے اللہ تعالی نے اپنے مخصوص بندوں کا انتخاب کیا ہوتا ہےوقت کی رفتارانسان کو اپنے اندر اس طرح مگن کر لیتی ہے کہ اس کو اس کے گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوتا اورانسان ہونے کے ناطےیہ تصور کیا جاتا ہے کہ شاید یہ سب کچھ اسی طرح چلتا چلا جائے گا

عروج کے چمکتے سورج میںانسان کے گرد مفاد پرستوں کا حصار انسان کو باہر کی دنیا سے بے خبر رکھنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتا ہے دلاور کیساتھ بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال موجود تھی علاقے کا کوئی فلاحی کام ہو یاکسی کا فیملی مسئلہ ہر کوئی اپنی فریاد لیکر اس کے ڈیرے پر اس آس امید سے آن پہنچتا کہ اس کے دکھوں کا مداوا یہاں پر ضرور ہوگاپھر ہوتا بھی اسی طرح وہ اپنی ذاتی مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لوگوں کے کاموں کو کرنے میں ہی اپنی خوشی اور کامیابی سمجھتا تھا

سب کچھ اچھا جا رہا تھاکہ اچانک وقت نے پلٹا کھایادوستوں کی یاری نبھاتے ہوئےحاسدوں کی سازش نے اس کو آن گھیراجہاں سے اس کی زندگی کا ایک نیا باب شروع ہو گیا محکمانہ انکوائری شروع ہوگئی چونکہ اس نے صرف عروج دیکھا تھا اور اردگرد کے حاسدین سے بھی بالکل ناواقف تھااسی لئے اس کی توجہ اس طرف آہی نہ سکی کہ میں کسی کے حسد کا شکار بھی ہو سکتا ہوں وار کرنے والے نے اس طرح کی کاری ضرب لگائی کہ مس کنڈکٹ میں آکر اسکو نوکری سے فارغ کر دیا گیا

اس کے بعد اپیلوں کا نا ختم ہونے ولا سلسلہ چل نکلا کبھی اس افسر کے سامنے تو کبھی اس افسر کے سامنے اپنی بے گناہی کی فریاد اٹھائے پھرتا رہا مگر شائد وقت کا چکر تھا جہاں بھی گیا مخالفین نے بھر پور طریقہ سے مخالفت جاری رکھی اور ناکامیوں کا لا متناہی سلسلہ بھی چلتا رہا

گزرتے وقت اور ناکامیوں نے جہاں اس کو بہت زیادہ پریشان کیا وہاں مفاد پرست ٹولہ کو بھی بےنقاب کردیا سیٹ پر واپسی کے امکانات کم ہوتے ہی مفاد پرست ٹولہ نے بھی راہیں بدل لیں راہوں میں آنکھیں بچھانے والے سامنے آتے ہوئے بھی پاکر راستہ بدلنے میں ہی عافیت جاننے لگےوقت کی اتار چڑھائو سے مالی مشکلات کیساتھ ساتھ اس پر جسمانی اثرات بھی رنگ دکھانے لگےٹینشنوں کے حصار نے اس کو اندر سے کھوکھلا کر دیا

مصیبتوں کی بلندیوں پر اس وقت اسکو روشنی کی ایک کرن نظر آئی جب سروس ٹربیونل نے اس کی اپیل کو منظور کرتے ہوئےاس کی معطلی کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اپنی سیٹ پر بحال کر دیا

بحالی کےآرڈر ملنےپر ل وہ بہت خوش تھاخوشی خوشی جاکر محکمہ میں حاضری دی اور نوکری شروع کردی نوکری کے شروع ہوتے ہی مفاد پرست ٹولہ ایک ایک کر کے پھر اسکے دفتر کے باہر منڈلانے لگااگرچہ اب ہو کافی حد تک محتاط ہو چکا تھا ان مفاد پرستوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہوگا مگر شاید اب بہت دیر ہو چکی تھی

ٹینشن کے تین سال نے اس کے جسم میں گہن کی شکل اختیار کر لی تھی جس کے اثرات اس کے پائوں پر زخم کی صورت میں نمودار ہوئےاور پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہسپتال کے بستر پر ڈاکٹروں نے اسکی ٹانگ میں گنگرین تشخیص کردی

گنگرین کا نام سنتے ہی بیماری کے متعلق علم رکھنے والوں کے پائوں کے نیچے سے زمین نکل جاتی ہے کیونکہ یہ لا علاج مرض ہے جس کا واحد حل ہی متاثرہ حصہ کو جلد از جلدجسم سے جدا کرنا ہوتا ہےچونکہ یہ پائوں پر ظاہر ہوئی تھی تو سی ٹی سکین سے یہ بات واضع ہو گئی کہ پنڈلی تک خون کی سرکولیشن متاثر ہو چکی ہے طویل صلاح مشورہ کے بعد ٹانگ کو پنڈلی سے کاٹ دیا گیا

اس موقع پر کلاس فیلوز نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا اور مالی طور پر اس کو کسی قسم کی پریشانی نہ آنے دی دوستوں کی محبت نے ایک بار پھر اس کو مصنوعی ٹانگ پر کھڑا کر دیا مصنوعی ٹانگ لگنے پر وہ بہت خوش تھا کہ چلو کسی حد تک محتاجی ختم ہوئی شاید اس کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا تھا ٹانگ لگنے کے ایک ہفتہ بعد ہی بیماری نے دوسری ٹانگ پر حملہ کر دیا

ڈاکٹروں نے ایک بار پھرشاید ٹانگ کاٹنے کی تجویز ہی اس کے سامنے رکھی تھی مگر اس بار اس میں اتنا حوصلہ نہیں تھا کہ وہ دوسری ٹانگ کو بھی کٹوا دے اسی لئے اس نے اسکا کسی دوسرے دوست کے ساتھ بھی تذکرہ ناکیا مگر بیماری کہاں رکنے کا نام لینے والی تھی ٹانگ سے چلتی ہوئی ہارٹ اٹیک تک جا پہنچی

اب جبکہ اسکا جسم اور وہ خود بھی ذہنی طور پر تھک چکاجب انسان ذہنی طور پر ہار مان لے تو پھر کامیابی ناممکن ہو جاتی ہےسو ایسا ہی ہوا ہارٹ اٹیک بھی جان لیوا ثابت ہوا فوتیدگی کی خبر ہر کسی دوست اور عزیزو اقارب تک فوراپہنچ گئی نماز جنازہ کا اعلان نماز عصر کے بعد کا ہواہر کسی کے پاس جنازہ میں شرکت کیلئے کافی ٹائم تھاگھر میں تل رکھنے کی جگہ نہ تھی ہر آنکھ اشک بار تھی کیونکہ وہ ہر کسی کا محسن رہا تھاجنازہ جنازگاہ پہنچا تو تاحد نگاہ محبت کرنیوالوں کا جم غفیر تھا ہاںکچھ کمی ضرور محسوس ہو رہی تھی کہ چند یار اور وہ مفاد پرست ٹولہ ان کو شایدجناز گاہ میں بھی پہنچنےکا ٹائم ہی نہیں ملا تھا وہ کہیں بھی نظر نہ آرہے تھے

یہ مناظر دیکھتے ہوئے اس بات کا شدت سے احساس ہوا کہ انسان جتنا عظیم ہے پھر اس سے کہیں زیادہ خود غرض بھی ہے اگرچہ خود غرض لوگوں کی تعداد بہت کم ہے مگر یہ کم تعداد بھی اچھے لوگوں کی حوصلہ شکنی میں بھر پور کردار ادا کرتی ہےآہ دلاور حسین چلا گیا مگر اپنے جانے کے بعد بھی لوگوں کے لئے سبق چھوڑ گیا کہ عروج کے زمانہ میں آنکھیں بند مت کریں اپنے ارد گرد موجودمنافقین اور مفاد پرست ٹولہ سےہوشیار رہیں۔

تبصرے