Urdu News and Media Website

معروف سیاسی و سماجی شخصیت سونیا نعمان نیو ہوپ ویلفئیر آرگنائزیشن پنجاب کی چیف کوآرڈینیٹر نامزد

لاہور(نیوزنامہ)نیو ہوپ ویلفئیر آرگنائزیشن کی چئیر پرسن و سابق رکن اسمبلی سیمل راجہ نے سونیہ نعمان کو نیو ہوپ ویلفئیر آرگنائزیشن پنجاب کا چیف آرگنائزر نامزد کر دیا گیا جسکا با ضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ سونیا نعمان کا تعلق اہم سیاسی گھرانے سے ہے اور وہ اس سے قبل بھی خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہیں۔ سونیا نعمان نے سیمل راجہ سے گفتگو کے دوران ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف ادارے کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گی بلکہ نیو ہوپ ویلفئیر آرگنائزیشن کے مشن پر کام کرتے ہوئے خواتین کے جملہ حقوق کی فراہمی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے مرد اور عورت کو برابری کے حقوق دئے ہیں اور عورت کو بلند مقام عطا کیا مگر مردوں کے اس معاشرے میں خواتین کو محض پیر کی جوتی سمجھ کر اسکی تذلیل کی جاتی ہے۔ مگر اب خواتین خود ہی ایک دوسرے کا سہارا بن کر ایک دوسرے کی مشکلات کا ازالہ کریں گی۔ اس موقع پر نیو ہوپ ویلفئیر آرگنائزیشن کی چئیر پرسن سیمل راجہ نے سونیا نعمان کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکمران خواتین کو تحفظ دینے میں بالکل ناکام ہیں۔موجودہ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی اہمیت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور انکو انکا جائز مقام دلوانے کے لئے قومی و بین الاقوامی سطح پر کمپین کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں طلاق جیسے اہم حساس مذہبی معاملے پر مذہب کے منافی ڈکٹیٹر کے بنائے ہوئے رائج قانون میں تبدیلی اور عمل درآمد کے لئے بین الاقوامی سطح پر آگاہی کیمپین چلائ گئ ہے تاکہ مختلف اسلامی ممالک جیسے پاکستان، سوڈان و دیگر میں مذہب کی آڑ میں خواتین کے استحصال کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم بہت جلد بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے طلاق کے معاملے کو فیڈرل شریعت کورٹ میں لے کر جائے گی تاکہ اسلام اور شریعت سے متصادم قانون کو رد کر کے اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق قانون رائج کیا جائے اور نکاح و طلاق کی آڑ میں خواتین کی زندگیوں کو برباد کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

تبصرے