Urdu News and Media Website

لاہور پریس کلب میں ممبران اور انکے بچوں کیلئے ذاتی دفاع کی تربیت کے سیشن کااہتمام

موجودہ حالات میں بچوں کیلئے ذاتی دفاع کی تربیت انتہائی ضروری ہے ، عبدالمجید ساجد

لاہور(نیوز نامہ)لاہور پریس کلب نے موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان کیوکیشن کراٹے فیڈریشن کے تعاون سے معزز ممبران اور انکے بچوں کو ذاتی دفاع(Self Defence) کی تربیت دینے کیلئے ایک تربیتی سیشن کا اہتمام کیا جس میں ممبران نے اپنے بچوں سمیت شرکت کی اور ذاتی دفاع کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر مجتبیٰ باجوہ، نائب صدر شکیل سعید، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، ممبر گورننگ باڈی محمد احمد رضا، سابق صدر محمد شہباز میاں،سینئر صحافی اسلم چوہدری، میاں ندیم، فرخ شہباز، محمد عبداللہ، عباد اللہ بابر، نفیس قادری،ناصر زیدی، جہانگیر حیات اور دیگر بھی موجود تھے۔ پاکستان کیوکیشن کراٹے فیڈریشن کے صدر عطا حسین بٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ذاتی دفاع کا عملی مظاہرہ کیا اور بچوں کو تربیت دی۔ پریس کلب کے سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کہا کہ موجودہ حالات میں بچوں کیلئے ذاتی دفاع کی تربیت انتہائی ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ جس طرح کالجز میں این سی سی کی تربیت ہوتی ہے اسی طرح سکول لیول پر ذاتی دفاع کے کورسز کروائے جائیں ، انہوں نے کہا کہ ممبران کے بچوں کیلئے سکول امتحانات کے بعد پریس کلب میں کراٹے کلاسز کاآغاز کیا جائے گا۔

تبصرے