Urdu News and Media Website

قطری لڑاکا طیاروں پر اماراتی جہازوں کو ہراساں کرنے کا الزام

ابوظہبی(ما نیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ قطری لڑاکا طیارے اماراتی مسافر طیاروں کو منظم انداز میں ہراساں کررہے ہیں اور اس طرح وہ شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرات سے دوچار کررہے ہیں۔ امارات کی مسلح افواج اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے ابو ظبی میں وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹرز میں قطر کی جانب سے شہری اور فوجی ہوابازی کو خطرے سے دوچار کرنے کے لیے اشتعال انگیز کارروائیوں کا جائزہ پیش کیا ہے۔اس موقع پر سعودی عرب ، بحرین اور مصر کے سفراء بھی موجود تھے۔انھیں راڈار سے لی گئی تصاویر کی مدد سے قطر کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے تحت عالمی ایوی ایشن ایجنسی کو بھی قطر کے خلاف دو مسافر طیاروں کی پرواز میں رخنہ ڈالنے کی شکایت دائرکرنے کا اعلان کیا ہے۔ یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی کے مطابق عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کے نام درخواست میں قطر پر شکاگو کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عاید کیا جائے گا۔

تبصرے