Urdu News and Media Website

شعیب ملک اگلا ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہش مند

شارجہ (نیوز نامہ)قومی کر کٹ ٹیم کے سینئر بلے باز شعیب ملک نے کہا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ تک کر کٹ کھیلنے کی خواہش ہے،اس کا انحصار میری کارکردگی پر ہے کہ اگر مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائوں گا تب ہی وہاں تک جاسکوں گا،ٹیسٹ کر کٹ سے ریٹائرمنٹ اسلئے لی کہ نوجوانوں کو موقع مل سکے، کرکٹ کی خدمت صرف کھیلنے سے ہی نہیں ہوتی بلکہ نئے کھلاڑیوں کو راستہ دینے سے بھی خدمت ہوتی ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں شعیب ملک نے کہا کہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ صورتحال کی مناسبت سے بیٹنگ کریں۔کبھی آپ کو کامیابی ملتی ہے کبھی نہیں لیکن کوشش یہی ہوتی ہے کہ ٹیم آپ سے جو تقاضا کررہی ہے اس کے مطابق بیٹنگ کروں۔دو سال قبل انھوں نے ایک ایسی سیریز کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جس میں ان کی ڈبل سنچری بھی شامل تھی۔ان کے اس فیصلے کو حیرانی سے دیکھا گیا تھا لیکن شعیب ملک کہتے ہیں کہ اس فیصلے کے پیچھے ایک معقول وجہ تھی۔عام طور پر کم ہی کرکٹرز اس انداز سے کرکٹ چھوڑتے ہیں اسی لیے سب کو حیرت ہوئی تھی کہ ڈبل سنچری بنائی، تین ٹیسٹ میچوں کیسیریز میں 300 کے قریب رنز کیے، 11 وکٹیں لیں اور ریٹائرمنٹ لے لی لیکن میرے نزدیک کرکٹ کی خدمت صرف کھیلنے سے ہی نہیں ہوتی بلکہ نئے کھلاڑیوں کو راستہ دینے سے بھی خدمت ہوتی ہے۔شعیب ملک نے اپنی فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دے رکھی ہے اور وہ اپنی عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔میری کوشش یہی ہے کہ میں اگلے ورلڈ کپ تک کھیلوں لیکن اس کا انحصار میری کارکردگی پر ہے کہ اگر مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھاں گا تب ہی وہاں تک جاسکوں گا۔

تبصرے