Urdu News and Media Website

شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کرلیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ ٹیسٹ اوپنر شرجیل خان کو کرکٹ سرکٹ میں واپسی کیلئے مزید انتظار کرنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے شرجیل خان کی درخواست پر انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دی ہے تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ شرجیل خان نے اس واقعے کے دو سال بعد اب اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان کو فوری طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ شرجیل خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو خط تحریر کیا تھا کہ ان کی پابندی اگست میں ختم ہورہی ہے لہذا انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے لیکن پی سی بی نے فوری طور پر ان پر عائد پابندی اٹھانے سے انکار کردیا ہے۔قومی اور انٹرنیشنل سرکٹ میں واپسی کیلئے شرجیل خان نے حیدرآباد میں ایک ایسی جگہ پر پِچ بنائی ہے جو عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہے۔ اس پچ پر انہوں نے اپنے طور پر ٹریننگ اور پریکٹس شروع کی ہوئی ہے۔2017میں پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن میں شرجیل خان اور خالد لطیف اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے شرجیل خان پر پانچ الزامات عائد کئے تھے، انہوں نے پانچوں الزامات میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔اگست 2017 میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان پر کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ لینے پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔ شرجیل خان کو پانچ میں سے ڈھائی برس کی معطلی کی سزا لازما کاٹنی ہے۔پی سی بی حکام کے مطابق اس ڈھائی برس کے عرصے میں اگر شرجیل کا رویہ اور سرگرمیاں مثبت رہیں تو بقیہ سزا معطل کی جا سکتی ہے۔ شرجیل خان کو 10 فروری2017کو معطل کیا گیا تھا۔30سالہ شرجیل خان نے ایک ٹیسٹ، 25ون ڈے اور 15ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہوئی ہے۔

تبصرے