Urdu News and Media Website

سیمل راجہ نے بشارت راجہ کی تمام شادیوں اور پری گل آغا کی طلاق سے متعلقہ تمام ثبوت صدر، وزیر اعظم ،چیف جسٹس اور دیگر حکام کو بھجوا دئیے

لاہور(نیوزنامہ)نکاح و طلاق ڈرامہ کی آڑ میں نام نہاد اشرافیہ اور ان کی پشت پناہی کرنے والے انھی کی طرح کے گارڈ فادرز کے ہاتھوں اب تک نہ جانے کتنی حوا کی بیٹیوں کو تذلیل،ظلم و زیادتی کا شکار ہونا پڑا۔نام نہاد شریف زادے قوانین کو اپنے گھروں کی لونڈی سمجھتے ہوئے اب مذہب کو کھلونا سمجھ بیٹھے ہیں۔ نام نہاد اشرافیہ کے ٹولے نے اپنے گناہ اور مکروہ چہرے بے نقاب ہونے سے بچانے کے لئے ریاستی اداروں کو تباہ کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار نیو ہوپ ویلفئیر آرگنائزیشن کی چئیر پرسن و سابق رکن اسمبلی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بشارت راجہ کی اپنے سمیت تمام شادیوں اور پری گل آغا سے طلاق کی تفصیلات دستاویزی ، آڈیو ، ویڈیو اور تصویری ثبوت صدر پاکستان،وزیر اعظم ، چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف ،سپریم کورٹ ہیومن رائٹس سیل، ایف آئی اے ، پولیس سمیت ملکی اداروں کے سربراہان چئیرمین سینٹ، ممبران سینٹ، چاروں صوبائی وزراء اعلی و گورنر،، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی و تمام صوبائی اسمبلی،وزراء و ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ،چئیرمین نیب، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے علاوہ میڈیا ہاوسز کے مالکان، چیف و رزیڈنٹ ایڈیٹرز، چیف رپورٹرز، کالم نگار ، اینکر پرسن، انسانی حقوق کی تنظیموں و دیگر کو بھجوا کر خود اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلسازوں کے ٹولے کی جھوٹی اخباری مہم نہ پہلے اور نہ ہی اب حقائق کو تبدیل کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے پیارے رسول ﷺ کا امتی ہونے پر فخر ہے ۔ مسلمان ہونے کی حیثیت سے اشرافیہ کے ہاتھوں نبیﷺ کی نکاح جیسی پیاری سنت کی بے توقیری کے خلاف جہاد مجھ سمیت تمام مسلمانوں پرلازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاح و طلاق جیسے حساس مذہبی معاملات کی آڑ میں حوا کی بیٹیوں کے استحصال اور انکی زندگیاں برباد کرنے والے نام نہاد شریف زادے اپنے ہاتھوں اپنی منکوحہ بیوی کی تذلیل کر کے نہ صرف ایک عورت سے اس کی پہچان چھینتےہیں بلکہ اس کو معاشرے کی نظروں میں گالی بنا دیا جاتا ہے۔ حوا کی بیٹی کے ساتھ زیادتی کرنے اشرافیہ اپنے کالےکرتوتیں چھپانے کے لئے قتل کروا کراپنےگناہ منوںمٹی تلے دبوا دیتے ہیں۔

تبصرے