Urdu News and Media Website

سر ی لنکا کی کر کٹ ٹیم ساڑھے8سال بعدکل پاکستان آئیگی

لاہور(نیوزنامہ)سر ی لنکا کی کر کٹ ٹیم تقریبا 9سال بعد (کل)اتوار کو پاکستان آئے گی،قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی اتوار کی شام 6بجے شروع ہوگا،پی سی بی نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ،میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔دوسری جانب میچ کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف دکانیں اور شادی ہالز کوبندکردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی (کل)اتوار کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،میچ کیلیے قذافی اسٹیڈیم کے گیٹ 3بجے کھول دیے جائیں گی میچ پہلے سے طے گئے جانے والے وقت سے ایک گھنٹہ قبل 6بجے شروع ہوگا، جبکہ رنگارنگ تقریب میں پاکستان کے میدان آباد کرنے والے آئی لینڈرز کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔سیکیورٹی اداروں کی طرف سےکہا گیاکہ افراتفری سے بچنے کیلیے شائقین میچ شروع ہونے سے کافی دیر پہلے ہی اپنے انکلوژرز میں پہنچنے کی کوشش کریں،پارکنگ سے اسٹیڈیم تک شٹل سروس فراہم کی جائیگی۔ میچ کیلیے واسا نے ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیا ہے، جس میں30 سینٹری ورکرز کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلیے موجود ہوں گے، بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کیلیے 3 سکر مشینیں بھی موجود ہوں گی، بوقت ضرورت استعمال کیلیے 3 جنریٹرز بھی تیار رکھے گئے ہیں۔دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ 1800 ٹریفک وارڈنز اور 400 افسران ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔ اسلحہ، تیز دھار آلات اور آتشبازی کا سامان گرائونڈ میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسلم ٹائون سے لے کر کلمہ چوک تک روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔ گرائونڈ میں داخلے کیلئے شناختی کارڈ اور ٹکٹ کا ہونا ضروری ہوگا۔ کینال روڈ کی دونوں اطراف، حسین چوک، ایم ایم عالم روڈ، منی مارکیٹ، صدیق ٹریڈ سینٹر، مین بلیوارڈ، فردوس مارکیٹ، سینٹر پوائنٹ کلمہ چوک سے برکت مارکیٹ، جیل روڈ قرطبہ چوک اور فیروز پور روڈ براستہ وحدت روڈ ٹریفک کیلئے کھلی رہے گی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی حکام نے قذافی اسٹیڈیم کے اطراف شادی ہالز اور دکانیں ابھی سے بند کرادی ہیں جب کہ نشتر اسپورٹس کمپلیکس کو بھی جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور اندر سرچنگ کا عمل جاری ہے، فیروز پور روڈ، لبرٹی روڈ اور اسٹیڈیم کے قریب آنے والے راستوں کو بند کردیا گیا ہے جو میچ کی صبح کھولے جائیں گے۔

تبصرے