Urdu News and Media Website

رونالڈو نے رئیل میڈرڈ کو ہوم گراونڈ پر شکست سے بچالیا

میڈرڈ(نیوز نامہ)چیمپیئنز لیگ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپیئن ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ اپنے ہی کھلاڑی کے گول کی وجہ سے شکست کا شکار ہوتے ہوتے بچ گیا اور کلب کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ایک مرتبہ پھر ٹیم کی مدد کو آئے اور انگلش کلب ٹوٹنہم ہاٹ اسپرز کے خلاف میچ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا تاہم انگلش ٹیم ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ہوم گراونڈ پر رئیل میڈرڈ کا مقابلہ انگلش اسٹرائیکر ہیری کین کی ٹیم سے تھا جنہیں اس سیزن میں ان کے عمدہ کھیل کی وجہ سے رونالڈو، میسی اور نیمار جیسے کھلاڑیوں کا ہم پلہ قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے میزبان ٹیم کوکافی پریشان کیا تاہم ان کی جانب سے گول کرنے کی کوئی کوشش رئیل میڈرڈ کے گول کیپر نیواس نے کامیاب نہیں ہو نے دی۔اسی طرح رئیل میڈرڈ کے کھلاڑ یوں رونالڈو اور کریم بینزیما نے بھی کئی یقینی مواقع ضائع کئے۔ انگلش کلب کو اس وقت برتری ملی جب رئیل میڈرڈ کے کھلاڑی رافیل وارین نے ٹوٹنہم کا حملہ ناکام بناتے ہوئے گیند اپنی گول پوسٹ میں پہنچا دی۔ یوں محسوس ہو رہا تھا کہ ان کی غلطی رئیل میڈرڈ کی شکست کا سبب بن جائے گی تاہم انگلش کلب کے دفاعی کھلاڑی کی فاش غلطی سے میزبان کلب کو پنالٹی کک مل گئی جسے رونالڈو نے گول میں بدلنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ میچ ایک، ایک سے برابر ہو گیا۔فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیری کین اس میچ میں اپنا جادو نہیں دکھا سکے تاہم جوابی میچ کے دوران وہ ویمبلے گراونڈ میں رئیل میڈرڈ کیلئے بڑا مسئلہ بن سکتے ہیں۔

تبصرے