Urdu News and Media Website

دس سال بعد کسی اطالوی وزیراعظم کا دورہ بھارت،چھ معاہدوں پر دستخط

نئی دہلی(نیوزنامہ) بھارت اوراٹلی کے درمیان ریلوے، توانائی، تجارت، سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں چھ معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے جبکہ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کومزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے ،بھارتی ٹی وی کے مطابق اطالوی وزیر اعظم پاؤلو جینٹیلونی باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے بھارت کے دو روزہ دورے پرنئی دہلی پہنچ گئے ۔ کسی بھی اطالوی وزیر اعظم کا دس سال کے بعد بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔ جینٹیلونی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی ۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے بھی اپنے بیان میں اٹلی میں اعلٰی تعلیم کے لئے بھارتی طلباء میں دلچسپی میں اضافے کا ذکر کیا ۔ دونوں ممالک نے ریلوے، توانائی، تجارت، سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں چھ معاہدوں پر دستخط کئے۔بعد ازاں مشترکہ طور پر جاری کیے گئے ایک بیان میں اطالوی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں اور اسے مزید مستحکم کرنے کا یہ سنہرا موقع ہے۔ مودی کا کہناتھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کی کافی گنجائش ہے۔خیال رہے کہ یوروپی یونین میں اٹلی بھارت کا پانچواں سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ مالی سال میں میں 8.79 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی تھی۔ بھارت نے اٹلی کو 4.90 ارب ڈالر کی برآمدات کیں جب کہ اٹلی سے 3.89 ارب ڈالر کی درآمدات کی-

تبصرے