Urdu News and Media Website

ختم نبوت کا انکار دین اسلام کا انکار ہے:عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

لاہور (نیوز نامہ )عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے ۔حضوراقدس ﷺ نے فرمایا کہ میرے بعد تیس ایسے کذاب ودجال نبوت کا دعوی ٰ کریں گے ،تم نے ان کے اس دعوی ٰ پر کوئی توجہ نہیں کرنی ،میں آخری نبی ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔اس عقیدے کا انکار دراصل دین اسلام کا انکار ہے ۔اس عقیدے کے لیے بارہ سو صحابہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔سب سے پہلااجماع صحابہ کرام نے عقیدہ ختم نبوت کے لیے کیا تھا۔عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے امت جو عظیم قربانیاں دی ہیں وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی ۔ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مرکزی ناظم نشرو اشاعت مولانا عزیزالرحمن ثانی ،مولاناجمیل الرحمن اختر،پیرمیاں رضوان نفیس،قاری علیم الدین شاکر ،مولانا عبدالنعیم،قاری محمدامین عاجز،مولانا محمدحسین نے لاہور میں ختم نبوت کی اہمیت پراجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ قادیانیت دین اسلام سے بغاوت اور دشمنی کانام ہے،قادیانیت اسلامی فرقہ نہیں بلکہ ایک فتنہ اور سیاسی گروہ ہے جس نے انگریز کے کہنے پر عقیدہ ختم نبوت کاانکار کیا اور اپنے جھوٹے گروہ کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے قانون کی حفاظت کافریضہ سر انجام دیتے رہیں گے۔اور امتناع قادیانیت آرڈیننس کا تحفظ کرتے رہیں گے۔اجتماع میں علماء کرام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ختم نبوت قانون میں ترمیم کے حوالے سے راجہ ظفرالحق کی نگرانی میں تیار کردہ تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے۔جب تک ملوث افراد کو سزا نہیں دی جاتی اس وقت تک قوم مطمئن نہیں ہوگی۔ ختم نبوت کے حلف نامہ کو حذف کرنے کی سازشیں بین الاقوامی طورپر کی گئیں ۔جب تک اصل ملزمان کو منظرعام پرنہیں لایا جاتا ہم اپنی پرامن آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تبصرے