Urdu News and Media Website

جسٹس (ر) جاوید اقبال نیب کے نئے سربراہ مقرر

حکومت اور حزب مخالف کی جماعتوں میں نیب کے سربراہ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے نام پر اتفاق کے بعد وزارتِ قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔  اتوار کی شب جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے تحت جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال چار برس کے لیے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نیب کے دوسرے چیئرمین ہوں گے جن کا نام حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے دیا ہے۔اس سے پہلے نیب کے موجودہ چیئرمین قمر زمان چوہدری کا نام بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے دیا تھا جس پر حکومت نے اتفاق کیا تھا۔حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے تین نام دیے تھے جن میں شعیب سڈل، جسٹس ریٹائرڈ فلک شیر اور خیبر پختونخوا کے سابق چیف سیکرٹری ارباب شہزاد شامل تھے۔حکمراں جماعت کی طرف سے نیب کے چیئرمین کے لیے جو تین نام دیے گئے تھے ان میں انٹیلیجنس بیورو کے سربراہ آفتاب سلطان کے علاوہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج چوہدری اعجاز بھی شامل تھے۔نیب کے موجودہ چیئرمین قمر زمان چوہدری 10 اکتوبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ جاوید اقبال رواں ہفتے اپنے عہدے کا چارج لیں گے۔

تبصرے