Urdu News and Media Website

اوکاڑہ یونیورسٹی میں ڈینگی ڈے کے حوالے سے تقریبات 

اوکاڑہ(نیوزنامہ) اوکاڑہ یونیورسٹی میں ڈینگی ڈے کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں سیمینار، ریلی اور شجر کاری شامل تھے۔ ان تقریبات میں اوکاڑہ سے ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ زاہد پرویز وڑائچ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اوکاڑہ مہر اختر حسین بلوچ، یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ زووالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور رجسٹرار ڈاکٹر محمد طاہر خان سمیت اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت ڈی سی نے کی جب کہ ریاض الحق مہمان خصوصی تھے۔

سیمینار کے افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر طاہر خان نے تمام مہمانوں کو شکریہ ادا کیا اور ڈینگی مکاو مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروفیسر واجد نے کیمپس اور اس کے گردو نواح کے علاقوں سے ڈینگی مچھر کے خاتمے کےلیے یونیورسٹی کی جانب سے کیے جانےاقدامات کا تفصیلی تذکرہ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو مون سون کی بارشوں کے دوران ڈینگی سے بچنے کےلیے مختلف موثر طریقے بتائے۔

ریاض الحق نے اپنے خطاب میں قلیل عرصے میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی پہ خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈینگی کے خاتمے کےلیے یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء کی جانب سے کیے جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی کرونا وائرس جتنا ہی خطرناک ہے اور اس سے بچاو بہت ضروری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی مہم کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے اقدامات کاجائزہ پیش کیا۔ انہوں نے طلباء کو ڈینگی بخار سے بچنے کےلیے سخت حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

سی ای او ہیلتھ نے ڈینگی بخار کی مختلف علامات کو بیان کرتے ہوئے اس سے بچاو کی تدابیر کے بارے میں بتایا۔

سیمینار کے اختتام پہ رجسٹرار نے مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں۔ اس کے بعد ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا اور شجر کاری کی گئی۔

تبصرے