Urdu News and Media Website

المحمدیہ سٹوڈنٹس 31جنوری تا 6فروری ملک بھر میں ہفتہ یکجہتی کشمیر منائے گی

لاہور(نیوزنامہ )المحمدیہ سٹوڈنٹس 31جنوری تا 06فروری ملک بھر میںہفتہ یکجہتی کشمیر منائے گی ۔’’میں کشمیر ہوں‘‘ کے عنوان سے لاہور، کراچی، کوئٹہ ، اسلام آباد، پشاور اور ملک بھر کے دیگر حصوں میں موٹرسائیکل ریلیاں، پروگرامات اور سیمینارز کروائے جائیں گے جن میںا لمحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی ذمہ داران اور دیگر طلبا تنظیموں کے مرکزی قائدین اور سماجی شخصیات خطاب کریںگی۔ مزید براںملک بھر میں عوام الناس میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے آگہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اس مہم کے تحت مختلف شہروں میں معروف مقامات پر عوام الناس میں ہینڈ بلز اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کی ماہانہ ضلعی مجلس مشاورت میں کیا گیا جس کی صدرات مسئول المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان عبدالحنان خالد نے کی۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی دفتر میں ہونے والی مجلس مشاورت میں لاہور،کراچی، کوئٹہ ، پشاور، اسلام آباد ،فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال، سرگودھا، قصور، ملتان، بہاولپور، دیر، مالاکنڈ کیساتھ ساتھ دیگر کئی اضلاع کے مسئولین نے شرکت کی۔ ترجمان المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان حنظلہ عماد نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا قدیم ترین حل طلب مسئلہ ہے جو کہ التوا کا شکار ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودرادیت دینے کا وعدہ کیا جسے بعد میں مختلف حیلے بہانوں سے مسلسل ٹال رہا ہے۔ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور وادی کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ آج کشمیری کشمیر کی آزادی کی جنگ نہیں، بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔آج کشمیری عوام پاکستانیوں کو اپنی مدد کیلئے پکار رہے ہیں کیونکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا فریق اور کشمیریوں کا واحد وکیل ہے اور کشمیریوں کی واحد امید کی کرن بھی ہے۔ آج کشمیر کی تحریک کشمیری نوجوان خصوصا طلبہ کے ہاتھوں میں ہے اور وہ پاکستانی نوجوانوں سے بھی اپنی آواز کو دنیا تک پہنچانے کیلئے مطالبہ کر رہے ہیں۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کشمیریوں کی مددکو اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اور کشمیریوں کی آواز بنتے ہوئے ـ’’میں کشمیر ہوں‘‘ کے عنوان سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منائے گی تاکہ مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچایا جاسکے۔ اس مہم کے تحت 03 فروری کو لاہور، گوجرانوالہ،اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، حیدر آباد، کراچی اور پشاور میں جبکہ 04فروری کو ساہیوال، ننکانہ، قصور، سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا، ٹوبہ، بہاولپور، وہاڑی، لودھراں، دیر اور مظفر آباد میں بائیک ریلیوں اور پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کیساتھ ساتھ ملک بھر کے دیگر اضلاع میں بھی ہفتہ بھر پروگرامات کئے جائیںگے۔

تبصرے