Urdu News and Media Website

المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے اعلان برائے کتابچہ پاکیزہ زندگی کا خیر مقدم

لاہور(نیوز نامہ ) المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے اعلان برائے کتابچہ پاکیزہ زندگی کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ کتابچے میں اسلامی و ثقافتی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے نکات مرتب کیے جائیں۔بصورت دیگر اگر مغرب نواز طبقے کے مطالبات مانے گئے اور جنسی تعلیم کو نصاب میں شامل کیا گیا تو المحمدیہ سٹوڈنٹس اس کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔ ترجمان المحمدیہ سٹوڈنٹس حنظلہ عماد نے کہا کہ بچوں میں آگہی ضروری ہے مگر دھیان رہے کہ اس ضمن میں اسلامی و ثفاقتی اقدار کی پامالی نہ ہو۔سانحہ قصور کے بعد ایک مخصوص طبقہ کی طرف سے مغربی انداز میں جنسی تعلیم کو شامل نصاب کرنے کے مطالبے کو بھرپور رد کرتے ہیں۔اس ایجنڈے کا مقصد ہمارے طلبا کے اذہان کو پراگندہ کرنا اور انہیں مزید گمراہ کرنا ہے۔ وزیر تعلیم اگر اس بات کی ضمانت دیں کہ مجوزہ کتابچہ بچوں میں مزید گمراہی کا باعث نہیں بنے گا اور اس میں مغربی انداز میں جنسی تعلیم نہیں ہوگی تو اس کا بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا اور المحمدیہ سٹوڈنٹس حکومت کے اس اقدام میں بھرپور معاونت کرے گی۔ بصورت دیگر اس اقدام کے خلاف نہ صرف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی بلکہ طلبا میں بیداری مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا۔حنظلہ عماد کا مزید کہنا تھا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس حکومت وقت سے اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ سانحہ قصور کے ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور معاشرے میں موجود ایسے عناصر کی بیخ کنی کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ طویل المدتی منصوبہ بندی اور معاشرے میں اسلامی قوانین کے نفاذ کے ذریعے ہی معاشرے میں سے ایسے عناصر کاخاتمہ ممکن ہے۔

تبصرے