پاکستانی عوام اور فوج اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں:وزیراعظم

147

اسلام آباد (نیوز نامہ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور فوج اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے ایل اوسی کی خلاف ورزی اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے ، پاک فوج ایل اوسی پر بھارت موثرجواب دیتی ہے، بھارت خطے میں امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے مذاکرات کرے، افغانستان بارے پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مسئلے کا حل جنگ میں نہیں مذاکرات سے ہی ممکن ہے، پاکستان اس میں کردار ادا کرتا رہے گا ،کابل حکومت کی اپنی ناکامیوں اور خامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ڈالی جاسکتی، اداروں کے درمیان کوئی ٹکراؤ نہیں ،آئین میں سب کے اختیارات موجود ہیں، الیکشن کمیشن کوسینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ معاملے کو دیکھنا چاہئے،جو لوگ پیسے سے سینیٹر منتخب ہو ئے ان کا بائیکاٹ کریں گے ،مسلم لیگ (ن) ایسے کسی عمل میں نہ تو شریک ہے اور نہ ہی حمایت کرتی ہے، پارٹی میں مشاورت کے بعد نئے چیئرمین سینٹ کے نام پر غور ہوگا ،یل این جی ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے انرجی کا بحران ختم کرنے میں مدد ملی ہے، کچھ سیاسی مخالفین خود کو میڈیا میں زندہ رکھنے کے لئے بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں ،نواز شریف ‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی، نواز شریف کا ملک سے انرجی بحران کے خاتمے کا وعدہ پورا کیا جارہا ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی تیز ہورہی ہے اور وہاں پر پڑنے والا دباؤ کم کرنے کے لئے بھارت لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ کرتا ہے اور سویلین کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ حکومت نے اقوام متحدہ ‘ او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر بار بار یہ مسئلہ اٹھایا ہے سویلینز کو نشانہ بنانا بھارت کا ایک بزدلانہ فعل ہے۔ پاک فوج ہر موقع پر بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا مقابلہ کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.