خوف کی علامت نیدی بھٹی ڈکیت گینگ گرفتار،شہریوں نے سکھ کاسانس لیا

رینالہ خورد(راؤ عتیق گوہر)راستوں میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹنے وا لا نوید عرف نیدی بھٹی ڈکیت گینگ گرفتار تفصیلات کے مطابق رینالہ خوردمیں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سعید ملک سے ملاقات کرکے بتایا کہ شام کو محنت مزدوری کرکے کاروباری حضرات گھروں کو واپس لوٹتے ہیں تو راستے میں لٹ جاتے ہیں جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سعید ملک نے ایس ڈی پی او رینالہ سرکل احسان اللہ اور ایس ایچ او تھانہ صدر رینالہ انسپکٹر قلب سجاد کی زیر نگرانی ایک ٹیم تشکیل دیتے ہوئے کہاکہ تمام محکمانہ دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ڈاکوئوں کو گرفتار کیاجائے

ترجمان پولیس کے مطابق یہ گینگ رینٹ پر کار لے کر اوکاڑہ شہر کے داخلی راستوں دیپالپور روڈ، 27والا روڈ، شیرگڑھ روڈ پر ناکہ لگا کر سادہ لوح لوگوں کواس وقت لوٹتاہے جب لوگ شہروں سے محنت مزدوری کرکے واپس اپنے گھروں کی طرف لوٹتے ہیں تھانہ صدر رینالہ کی پولیس ٹیم نے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے بھیس بدل کر شہر کی طرف آنے والے راستوں پر مختلف نوعیت کے ٹھیلے لگائے پولیس ٹیم نے شب وروز محنت کرکے روائتی اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نوید عرف نیدی بھٹی گینگ کو ٹریس کیا

گذشتہ رات پولیس کو اطلاع ملی کہ 4 نامعلوم مسلح افراد نے ڈکیتی کی نیت سے پل1ون آر پر ناکہ لگایا ہواہے جس پر مقامی پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے 4 ڈاکوئوں کو گرفتارکر لیا گرفتار ڈاکوؤں کے قبضہ سے 2پسٹل30بور، 1 کاربین اور لوٹ مار کے50ہزار روپے برآمد ہوئے۔ نوید عرف نیدی بھٹی گینگ کے چار ارکان ثاقب ، حسنین اور ندیم ساکنائے 53ٹوایل کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ ان کا ایک ساتھی شفاقت علی عرف سوہنی مفرور ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ نوید عرف نیدی بھٹی گینگ کی گرفتاری پر مقامی تاجران سول سوسائٹی اور مذہبی رہنمائوں نے پولیس کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جوائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے پر ڈی پی او اوکاڑہ کے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ سرشام گھروں کو لوٹنے والوں کو تحفظ حاصل رہے گا ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر ڈی پی او اوکاڑہ عمر سعید ملک نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.